تیراہ : خیبر ایجنسی کے علاقے میں پاک فوج کی تازہ فضائی کارروائی میں پندرہ دہشت گردوں کو جہنم واصل ، جب کہ پاک افغان سرحد پر قائم دہشت گردوں کی اہم کمین گاہ کو تباہ و برباد کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر ایجنسی کے نواحی علاقے راجگل میں پاک فورسز نے تازہ فضائی کارروائی میں پندرہ ملک دشمنوں کو ان کے منطقی انجام پر پہنچا دیا، پاک فوج کی بمباری میں پاک افغان سرحد پر قائم دہشت گردوں کی خفیہ اور اہم کمین گاہ بھی تباہ کردی گئی۔
پاک افواج کے جنگی طیاروں نے خیبر ایجنسی کے علاقے راجگل میں کامیابی سے اپنے ہداف کو نشانہ بنایا، جس سے علاقے میں موجود دہشت گردوں کا مواصلاتی نظام بھی تباہ ہوگیا۔
پس منظر:
واضح رہے کہ گزشتہ سال کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد شمالی وزیرستان ایجنسی میں آپریشن ضرب عضب کے نام سے نئے اور فیصلہ کن آپریشن کا آغاز کیا گیا، جس کے بعد آپریشن کے دوسرے مرحلے میں خیبر ایجنسی میں خیبر ون اور خیبر ٹو کے نام سے فیصلہ کن کارروائیوں کی گئی۔ آپریشنز میں اب تک ڈیڑھ ہزار سے زائد ملک دشمنوں کو صف ہستی سے مٹا دیا گیا ہے، جب کہ بڑی تعداد میں بارودی سرنگیں، دہشت گردوں کے ٹھکانے اور ان کا مواصلاتی نظام بھی تباہ کرکے پاک کے افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں پر کنٹرول حاصل کرکے انہیں محفوظ بنانے کا عمل جاری ہے، جہاں دہشت گردوں کے ناپاک وجود کو خاک میں ملا کر پاک فوج اور حکومت پاکستان کی رٹ مضبوط کی گئی۔ سماء