سندھ کو رواں ماہ کروناویکسین مل جائیگی، کوآرڈینیشن سیل قائم

ایکسپو سینٹر کراچی کو ویکسینیشن سینٹر بنانے کا فیصلہ
Jan 01, 2021

سندھ حکومت نے ویکسینیشن کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے کوآرڈینیشن سیل قائم کردیا۔ وزیر صحت سندھ کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں این سی او سی اور نیشنل ویکسین ٹاسک فورس کے تعاون سے سندھ کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین مل جائے گی۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی ہدایت پر کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے پراونشل کوآرڈینیشن سیل قائم کردیا گیا، سیکریٹری صحت سیل کے سربراہ ہوں گے۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی زیر صدارت کرونا ویکسین سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ویکسین ٹاسک فورس اور این سی او سی کے تعاون سے رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں کرونا ویکسین سندھ کو مہیا کردی جائے گی، سندھ کو تقریباً سوا لاکھ کے قریب ڈوز ملیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں کووڈ کے وارڈز میں ڈیوٹی کرنیوالے ہیلتھ پروفیشنلز اور فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی، پبلک اور پرائیویٹ ہیلتھ سسٹم میں کام کرنیوالے ورکرز شامل ہوں گے۔

وزیر صحت سندھ نے ویکسی نیشن کیلئے پرائیویٹ اسپتالوں میں کام کرنے والے فرنٹ لائن ورکرز کا ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔ عذرا فضل پیچوہو نے بتایا کہ ہر فرد کو 21 دن کے وقفے کے ساتھ ویکسین کی 2 ڈوز لگائی جائیں گی، ویکسینیشن کیلئے تمام افراد کو بذریعہ فون پہلے آگاہ کیا جائے گا، ویکسین کے مرحلے سے گزرنے والے افراد کو ایک کارڈ بھی دیا جائے گا جو سفری مقاصد کیلئے بھی استعمال ہوسگے گا۔

سندھ حکومت نے کراچی ایکسپو سینٹر کو کرونا وائرس ویکسی نیشن سینٹر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر صحت کا کہنا ہے کہ کراچی ایکسپو سینٹر میں 50 کیوبیکل بنائے جائیں گے، جس کے ذریعے ایک دن میں 50 ہزار افراد کی ویکسینیشن کی جا سکے گے، کراچی کے علاوہ سندھ کے باقی شہروں میں ٹرشری اسپتالوں میں ویکسین کی سہولیات دی جائیں گی۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد اور پھر مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کو ویکسین دی جائے گی۔

COVID-19

Tabool ads will show in this div