گوادر میں باڑ کی تعمیر روک دی گئی
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے احکامات کی روشی میں ساحلی شہر گوادر میں باڑ کی تعمیر روک دی گئی۔
وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ گوادر میں باڑ لگانے کا فیصلہ شہریوں کی مرضی اور ضرورت کے مطابق کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے گوادر میں باڑ کی تعمیر کے کام کو فوری طور پر روکنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت گوادر کی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے لیے کوشاں ہے۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ گوادر باڑ سے متعلق عوامی تحفظات دور کرکے ہی آگے بڑھیں گے۔ گوادر کے شہریوں کی باڑ سے متعلق تجاویز تحفظات پر پارلیمانی وفد اپنی سفارشات جلد وزیر اعلیٰ بلوچستان کو پیش کریگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے عوامی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے باڑ پر جاری کام کو روکنے کا حکم دیا ہے۔
واضع رہے گوادر میں باڑ لگانے سے متعلق اپوزیشن اراکین اسمبلی نے ریکوزیشن اجلاس طلب کرنے کی درخواست دی جس پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے 31دسمبر 2020 کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
وائس چیئرمین بلوچستان بار کونسل منیر کاکڑ ایڈوکیٹ کی جانب سے بھی گوادر میں باڑ لگانے کے خلاف آئینی درخواست زیر سماعت ہے۔ گزشتہ سماعت کے دوران چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس عبدالحمید بلوچ پر مشتمل بینچ نے حکومت بلوچستان سمیت متعلقہ صوبائی اور وفاقی حکام سے معاملے پر جواب طلب کیا ہے۔
گوادر میں باڑ لگانے سے متعلق آئینی درخواست پر سماعت آئندہ 31دسمبر کو ہوگی۔