پنجاب میں دھند،کراچی میں مزید سردی کا امکان،محکمہ موسمیات

اتوار کے روز بارش کی پیش گوئی

پنجاب میں رات سے دھند کا راج ہے اور حد نگاہ کم ہونے سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

ترجمان موٹروےپولیس کےمطابق ہفتے کی صبح لاہورسےسمندری اورسیالکوٹ موٹروے بند کردی گئی ہے۔پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد موٹر وے بھی ٹریفک کےلئے بند ہے۔

لاہورمیں بھی دھند سےحد نگاہ صفر ہوگئی ہے جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ہونے سے معمولات زندگی بھی متاثر ہورہے ہيں۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کےدوران موسم خشک اورسرد جبکہ اتوار کے روزبارش کی پیش گوئی کردی ہے۔جس کےبعد دھندچھٹنے کے امکانات ہیں۔

پنجاب میں پتوکی ملتان روڈ بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہے۔چند دن کے وقفے کےبعد ایک بار پھرپتوکی اوراس کےگردونواح میں شدیددھند کا راج ہےاورحدِ نگاہ صفرسے5 میٹر تک رہ گئی ہے۔شدید دھند کے باعث ملتان روڈ پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے جبکہ ڈی ایس پی موٹروے پولیس کے مطابق ڈرائیورحضرات دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور ڈرائیونگ کے دوران  رفتار کم رکھیں۔

نارووال سمیت کرتار پور، ٹپیالہ،ظفروال،احمد آباد اور دیگرعلاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے اورسردی کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔دھند کی وجہ سےلاہور، اسلام آباد،سیالکوٹ،فیصل آباد اوردیگرشہروں سےآنےاورجانے والی ٹریفک معطل ہوگئی ہے۔

حافظ آباد شہراورگردونواح میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ 5میٹرہوگئی اور حافظ آباد سے ہیڈ قادر آباد روڑ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی۔ گوجرانوالہ روڈ اورشیخوپورہ روڑ پر بھی ٹریفک کی روانی متاثرہوئی۔

ادھرچمن سمیت شمالی بلوچستان میں یخ بستہ ہوائیں داخل ہونے سےسردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان کے پہاڑوں پربرفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ برفباری اور بارش کے بعد موسم مزید سرد ہوگا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں ٹھنڈ کی نئی لہر کی پیشگوئی کردی ہے اورپیر سے بدھ تک شدید سردی کا راج رہنے کا امکان ہے۔اس دوران کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سے کم ہوسکتا ہے۔

PUNJAB

MET OFFICE

Tabool ads will show in this div