پنجاب کےغیرمستقل اساتذہ کےمطالبات، مذاکرات21دسمبرکوہونگے

پنجاب کے 11ہزارغیرمستقل اساتذہ کے احتجاج کا معاملہ مشروط طور پر حل ہوگیا۔صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کے ساتھ مذاکرات میں معاملات طے کرلئے گئے۔ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں بنی گالہ کی جانب دوبارہ جانے کا عندیہ بھی دے دیا گیا۔
اسلام آباد میں پنجاب کےسیکنڈری اسکولوں کے 11 ہزار اساتذہ کی مستقلی کے لیے احتجاج کا معاملہ طے پاگیا۔2 روز تک بنی گالا میں جاری احتجاج کے دوران مظاہرین پرانتظامیہ نے شیلنگ کی اور کئی گرفتاریاں بھی ہوئیں۔
تاہم مذاکرات میں گرفتار اساتذہ کی رہائی کا مطالبہ منظورکرلیا گیا اوردیگر حل طلب معاملات کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔
ٹیچرزدھرنا کور کمیٹی کے رکن قاسم بخاری نے بتایا کہ ڈی سی اسلام آباد کی ضمانت اوریقین دہانی پر دھرنا ملتوی کیا ہے،کوئی سیاسی عزائم نہیں ہیں،صرف اپنی ریگولریشن کے مسائل لے کر آئے اوراگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو ایک دن کے نوٹس پر دوبارہ بنی گالہ آئیں گے۔
اساتذہ دھرنا کور کمیٹی نے وزیر تعلیم پنجاب کے سیاسی الزامات سختی سے مسترد کرکے بڑا چیلنج بھی دے دیا اور کہا کہ ٹیسٹ یا انٹرویو دینا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔
مطالبات پر بات کرنے کیلئے وزیر تعلیم پنجاب مراد راس اور وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت پیر 21 دسمبر کو اساتذہ سے ملاقات کریں گے۔