اب آپ اداکردہ سیلز ٹیکس کا 5فیصد واپس لےسکیں گے

ایف بی آر کی کیش بیک اسکیم

حکومت نے کاروبار کو دستاویزی شکل دینے اور صارفین کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی غرض سے ایک اسکیم متعارف کرائی ہے جس کے تحت رجسٹرڈ دکانداروں سے خریداری کرنے والے صارفین کو کیش بیک کے ذریعے ادا کردہ ٹیکس کا 5 فیصد حصہ واپس وصول کرنے کی سہولت دی جائے گی۔

فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کی اس کیش بیک اسکیم میں ریٹیلرز سے خریداری پر صارفین کو ادا کردہ سیلز ٹیکس کا 5 فیصد واپس مل جائے گا۔ مذکورہ اسکیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے تاہم اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کو ٹیکس آسان موبائل ایپ کے ذریعے والیٹ اکاؤنٹ کھولنا ہوگا۔

مثال کے طور پر ایک لاکھ روپے مالیت کی اشیاء کی خریداری کی صورت میں 17 فیصد کے حساب سے 17 ہزار روپے اسٹینڈرڈ سیلز ٹیکس کٹے گا اور پھر کیش بیک اسکیم کے تحت اس ادا کردہ ٹیکس کا 5 فیصد یعنی 850 روپے صارف کو واپس مل جائیں گے۔

خریداری کی الیکٹرانک رسید کی موبائل ایپ کے ذریعے تصدیق کی جائے گی اور پھر 5 فیصد ٹیکس واپس اکاؤنٹ میں جمع ہو جائے گا۔

کیش بیک خریداری کے ایک ماہ کے اندر خود کار نظام کے ذریعے جمع ہوگی اور وصولی کسی بھی رجسٹرڈ ریٹیلر سے ہو سکے گی۔

اسکیم کا اطلاق ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ بڑے چین اسٹورز، فرینچائز، اور شاپنگ سینٹرز پر ہوگا۔ علاوہ ازیں اس کا اطلاق ایسی ایئر کنڈیشنڈ دکانوں پر بھی ہوگا جن کے مالکان سالانہ 12 لاکھ روپے سے زائد بجلی کا بل ادا کرتے ہوں۔

Sales Tax

Tabool ads will show in this div