کراچی: خاتون کے اغوا کی کوشش ناکام، دو ملزمان گرفتار

کراچی کے علاقہ فائیو اسٹار چورنگی کے قریب نجی بنک کی ملازمہ کے اغوا کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرکے گاڑی تحویل میں لے لی۔
پولیس کے مطابق لڑکی صبح ساڑھے آٹھ بجے جیسے ہی رکشے سے اتر کر بنک میں داخل ہونے لگی تو دو لڑکوں نے اسے پکڑ کر زبردستی سفید گاڑی میں بٹھالیا۔ نجی بنک کے آپریشن مینیجر نے واقعے کی اطلاع ون فائیو پر دی۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شفیق موڑ کے قریب گاڑی کو روکا اور ملزمان عمیر اور یاسین کو گرفتار کرلیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عمیر اور لڑکی کی چارسال قبل دوستی ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق دونوں شادی کرنا چاہتے تھے لیکن گھر والوں کےانکار پر لڑکی نے عمیر سے دوستی توڑ دی جس پر عمیر باز آنے کے بجائے مسلسل لڑکی کو تنگ کرتا رہا اور پھر اسے اغوا کرنے کا منصوبہ بنالیا۔
ملزمان کے خلاف نارتھ ناظم آباد تھانے میں اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے گاڑی ضبط کرلی گئی۔