ہمیشہ دل کی سنتی ہوں،عروہ حسین

اداکارہ عروہ حسین کا ماننا ہے کہ اپنے آپ پرمہربان رہیں اورصحیح حدود کا تعین کریں کیونکہ ضروری نہیں کہ اگر کچھ محسوسات کا نام صبرہے تو اس کی کوئی حد ہی نہ ہو۔ میں ہمیشہ دل کی سنتی ہوں۔
حال ہی میں فرحان سعید سے علیحدگی سے متعلق گردش کرتی غیر مصدقہ خبروں کی زدمیں رہنے والی عروہ نے میرا سیٹھی کے یو ٹیوب میں شرکت کی اوراپنی زندگی کے بہت سے پہلووں کو اجاگر کیا۔
اداکاری میں وقفہ دینے کے بعد مُشک کرنے سے متعلق سوال پرعروہ نے کہا کہ میں نے وقفہ نہیں لیکن ڈرامہ سیریل "اڈاری کے بعد " فلمیں کیں ، پھر ان کی پروموشنزمیں وقت لگا اور اس کے بعد اپنی پروڈکشن میں فلم "ٹچ بٹن" کا آغازکیا تواس بات کا احساس ہی نہیں ہوا کہ ٹی وی پرکام کیے اتنا عرصہ گزرگیا۔
انہوں نے کہا کہ فلم ہو، ٹی وی یا تھیٹرجو اسکرپٹ مجھے متاثرکرتا ہے میں وہ کرتی ہوں لیکن جس چیزپرمیرا دل نہ مانے وہ مجھ سے کوئی نہیں کروا سکتا۔ جب اپنی پروڈکشن کمپنی کا آغاز کیا تو بہت سے لوگوں نے کہا کرلوگی لیکن میں جانتی تھی کہ میرا دل چاہ رہا ہے تو میں کرسکتی ہوں۔
تھیٹرپرکام کرنے سے متعلق عروہ نے کہا کہ میں نے اسلام آباد سے تھیٹرکا آغاز کیا تھا اورمیرا دل کرتا ہے کہ پھر سے کام کروں، وہاں سے میں نے بہت کچھ سیکھا۔ اسٹیج پر ہوتے ہوئے سیکنڈزمیں آپ کو پتہ لگ جاتا ہے کہ آپ نے لوگوں تک جو پہنچانے کی کوشش کی وہ کیسا ہے، یہ ایک خوفزدہ کرنے والا لمحہ ہوتا ہے۔ جبکہ اسکرین پرآن ائرجانے تک لوگوں کا فیڈ بیک سامنے نہیں آتا۔
ذاتی زندگی سے متعلق سوال پرعروہ نے کہاکہ میں تھوڑی شرمیلی اورعلیحدگی پسند ہوں، لیکن ایک لمحہ آیا جب مجھے لگا کہ انٹروورٹ ہونے سے مجھے غلط سمجھا جارہا ہے،لیکن اب اس پرکام کررہی ہوں اور لوگوں سے رابطے میں رہتی ہوں۔
آن ائر ڈرامے مشک میں گڈی کے کردار سے متعلق بات کرتے ہوئے عروہ نے کہا اسکرپٹ پڑھ کر لگا تھا میں اتنے اچھے کردار سے انصاف نہیں کرپاوں گی، یہ وہ وقت تھا جب میں پروڈکشن کرکے آئی تھی اور مجھے لگ رہا تھا کہ میں ایکٹنگ بھول گئی ہوں۔ میں نے ڈائریکٹراحسن طالش سے کہا کہ میں یہ نہیں کرسکتی۔
شوٹنگ کے دوسرے تیسرے دن میں دوسری اداکاراوں کے نام دے رہے تھی کہ یہ اس کردار کو بہتر طریقے سے کرسکیں گی لیکن احسن طالش نے میری کونسلنگ کی اور اب مجھے لگتا ہے کہ مُشک مجھے واپس لایا ہے۔
عروہ نے کہا کہ کرداروں کے معاملے میں ہمیشہ دل کی سنتی ہوں، دماغ بعد میں آتا ہے۔ میری ضروریات بھی محدود ہیں تو کام چل جاتا ہے کیونکہ میں سادہ کھاتی اور سادہ پہنتی ہوں، دوسروں کا علم نہیں لیکن اگر میرا دل نہ کرے تو وہ کام مجھ سے نہیں ہوتا۔ آپ جوبھی کرتے ہی دل سے کریں تو کامیابی ہوتے ہیں ، اپنے کام کوآسان مت لیں، ایسے کریں تو چیزیں بہترہوجاتی ہیں۔
والدہ سے ہمیشہ متاثرہوئی، انہیں ماں کے بجائے ایک انفرادی شخصیت کے طورپر دیکھوں تو جوجدوجہد انہوں نے کی، اپنی بیٹیوں کی پرورش کی اگر ہم اس کا آدھا بھی سیکھ جائیں تو کامیاب ہوجائیں۔ میں ان کا کہا کبھی نہیں بھولتی کہ کبھی ہمت نہ ہارنا۔ وہ ایک مضبوط خاتون ہیں جو کبھی کسی سے شکایت نہیں کرتیں۔
میرا سیٹھی کے یو ٹیوب چینل پراس شوکاپہلا حصہ اپ لوڈ کیا گیا ہے جبکہ دوسرا پارٹ ہفتہ 19 دسمبرکو جاری کیا جائے گا۔
شو کے اختتام پراگلے حصے کا ٹیزر شیئرکیا گیا جس میں میرا نے کامیاب شادی سے متعلق 3 نکات پوچھے، جواب میں عروہ نے زوردے کرکہا " کامیاب زندگی کیلئے 3 ٹپس"، اپنے آپ پرمہربان رہیں، اپنی صحیح حدود کا تعین کریں کیونکہ ضروری نہیں کہ اگر ایک فیلنگ کا نام صبرہے تو اس کی کوئی حد ہی نہ ہو۔
عروہ اور فرحان کی علیحدگی سے متعلق والد کا ردعمل
گزشتہ دنوں فرحان اور عروہ کے حوالے سے سوشل میڈیا پرغیر مصدقہ اطلاعات سرگرم رہیں کہ تین سال قبل شادی کے بندھن میں بندھنے والی شوبز کی مقبول جوڑی عروہ اور فرحان نے اختلافات کے بعد باہمی رضامندی سے اپنے راستے الگ کرلیے ہیں۔تاہم عروہ یا فرحان کی جانب سے ایسی اطلاعات کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔