لوک فنکارہ کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغواء سےبچ گئیں
سندھ کی لوک فنکارہ خوشبو لغاری کشمور میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغواء ہونے سے بال بال بچ گئیں۔ پولیس نے ریکارڈ کال کے بعد خاتون کو کشمور جانے سے منع کردیا۔
کشمور پولیس کے مطابق خوشبو لغاری کو فون پر ایک میوزک فنکشن میں پرفارم کرنے کے بہانے حیدرآباد سے کشمور بلایا گیا تھا، جس کا مقصد انہیں تاوان کی غرض سے اغواء کرنا تھا تاہم پولیس کو اس سازش کا علم ہوگیا کیونکہ وہ خصوصاً ان دنوں کچے کے علاقے سے کی جانیوالی ڈاکوؤں کی فون کالز مانیٹر کرتی ہے۔
ایس ایس پی کشمور امجد شیخ نے سماء کو بتایا کہ ڈاکوؤں کے گینگ کے نمبر ٹیپ کئے جارہے ہیں اور جیسے ہی کچے کے علاقے میں رہنے والے ڈاکوؤں نے لوک فنکارہ کے والد سے فون پر بات کی پولیس بھانپ گئی کہ فنکشن میں بلانے کے بہانے اغواء کی سازش رچی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فون ٹیپنگ کے فوراً بعد پولیس نے فنکارہ سے رابطہ کرکے انہیں کچے کی جانب پروگرام میں جانے سے روک دیا تھا۔
ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ کچے کے علاقے میں اب ڈاکو جس سے بھی رابطہ کرتے ہیں پولیس کو پتہ چل جاتا ہے اور ہم ان کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے مستعد رہتے ہیں۔
خوشبو لغاری نے بھی یہی بتایا کہ کشمور سے فون پر ان کے والد سے کسی نے پروگرام کے حوالے سے بات کی تھی جس کے بعد پی ٹی سی ایل نمبر سے ایس ایس پی کشمور نے ان کے والد کو متنبہ کیا کہ وہ کال ایک ڈاکو نے کی تھی جس کا مقصد انہیں اغواء کرنا ہے لہٰذا وہاں جانے سے گریز کیا جائے۔
خاتون کا مزید کہنا تھا کہ ایس ایس پی پولیس کو بتایا کہ ہم نے پروگرام کے حوالے سے کوئی وعدہ نہیں کیا تھا تاہم پولیس کے شکر گزار ہیں جس نے ایسی کسی ممکنہ مشکل میں پھنسنے سے بچانے کیلئے قبل از وقت ہی متنبہ کردیا۔