پاکستان کا بھارتی شیو سینا کی انتہا پسندی پر تشویش کا اظہار
اسلام آباد: پاکستان کی بھارتی انتہا پسند تنظیم شیوسینا کی دہشت گرد کارروائیوں پر تشویش، عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کہتے ہیں افغان حکومت کی خواہش پر دوبارہ مذاکرات کرانے کیلئے تیار ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بتایا کہ پہلے بھی شیوسینا کی انتہا پسندی پر تشویش ظاہر کر چکے ہیں، ہندو انتہا پسندوں نے پاکستانیوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ عالمی برادری نوٹس لے۔
ترجمان نے افغان طالبان کی دھڑے بندی ان کا اندرونی معاملہ قرار دیا اور کہا کہ افغان حکومت کی خواہش پر طالبان سے دوبارہ مذاکرات کرانے کیلئے تیار ہیں۔
قاضی خلیل اللہ نے بتایا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے 20 سرگرم اداروں کا رکن ہے۔ اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے انتخاب میں پاکستان کو 105 ووٹ ملے۔ کئی ممالک آخری وقت پر اپنے وعدے سے پھر گئے۔
پاکستان نے مقبوضہ جموں کشمیر میں حریت رہنماوں اور کشمیریوں کی گرفتاری پر شدید الفاظ میں مذمت بھی کی۔ سماء