اسلام آباد:اسٹاک ایکسچینج پرحملے کامنصوبہ ناکام،3دہشتگرد گرفتار

راول پنڈی کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی نے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ دہشت گرد اسلام آؓباد اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق راول پنڈی کے علاقے گنج منڈی میں اتوار 13 دسمبر کو ہونے والے دھماکے کے بعد انٹیلی جنس بنیاد پر سرچ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن میں پیرودھائی بم دھماکے میں ملوث 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
محکمہ انسداد دیشت گردی کے مطابق تینوں ملزمان کو اڈیالہ روڈ پر سواں پل سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے بارود، ڈیٹو نیٹرز اور موبائل فونز بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں 4 بم دھماکوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ دہشت گرد اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج میں دھماکے کی منصوبہ بندی کے لیے ریکی بھی کرتے رہے۔ دہشت گردوں کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں موجود ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز اتوار 13 دسمبر کو تھانہ گنج منڈی کے سامنے ہینڈ گرنیڈ دھماکے کی ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی ہے۔ سرکاری افسر کی مدعیت میں درج ہونے والی ایف آئی آر کو سیل کر دیا گیا ہے۔ موقع سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے 5 افراد تاحال ڈی ایچ کیو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔