نویدشیخ کمشنراور لئیق احمد ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی تعینات

صوبائی بیورو کریسی میں اکھاڑ پچھاڑ، 11 سیکریٹریز تبدیل

سندھ کی بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی گئی ہے، صوبائی حکومت نے 11 سیکریٹریز کے تبادلے کردیے۔ افتخار شالوانی کی خدمات وفاق کے حوالے کردی گئیں، نوید شیخ کو کمشنر جبکہ لئیق احمد کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کردیا گیا۔ نئی تقرریوں کے نوٹیفکیشن بھی جاری ہوگئے۔

سندھ حکومت نے کمشنر و ایڈمنسٹر کراچی کے عہدے پر تعینات 21 گریڈ کے افسر افتخار شالوانی کی خدمات وفاق کے حوالے کردیں، ان کی جگہ سیکریٹری ٹریننگ اینڈ ریسرچ نوید شیخ کو کمشنر جبکہ سیکریٹری ایکسائز لئیق احمد کو ایڈمنسٹریٹر کراچی کے عہدے پر تعینات کردیا گیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشنز کے مطابق 10 سے زائد صوبائی سیکریٹریز کے تبادلے کئے گئے ہیں، سیکریٹری سروسز ڈاکٹر سیف الرحمن کو پرنسپل سیکریٹری گورنر سندھ، سیکریٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈیپارٹمنٹ نسیم الغنی سہتو کو سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن اور سیکریٹری فوڈ عبدالحلیم شیخ کو سیکریٹری ایکسائز کا اضافی چارج دیدیا گیا ہے۔

سندھ حکومت نے سیکریٹری سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ محمد نواز شیخ کو چیئرمین وزیراعلیٰ انسپیکشن ٹیم، ایڈیشنل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ ڈیپارٹمنٹ فرحان غنی کو ایڈیشنل سیکریٹری گورنر سیکریٹریٹ تعینات کردیا۔

تعیناتی کے منتظر افسران روشن شیخ کو سیکریٹری سوشل ویلفیئر، ریاض الدین کو سیکریٹری صنعت، سجاد حسین عباسی کو ممبر صوبائی الیکشن اتھارٹی اور تمیز الدین کھیڑو کو سیکریٹری ٹریننگ مینجمنٹ اینڈ ریسرچ لگادیا گیا۔

سندھ حکومت کے محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کو آرڈینیشن نے بیورو کریسی میں تبادلوں کے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کئے ہیں۔

میئر کراچی وسیم اختر کی مدت پوری ہونے کے بعد افتخار شالوانی کو ستمبر میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی مقرر کیا گیا تھا جبکہ انہیں کمشنر کراچی کا اضافی چارج نومبر میں دیا گیا تھا، جب اس وقت کے کمشنر کراچی سہیل خان راجپوت کی خدمات 22 گریڈ میں ترقی کے بعد وفاق منتقل کردی گئی تھیں۔

administrator

Tabool ads will show in this div