پشاور،لوگوں نے ریپ کے ملزم کا گھر جلادیا

ملزم گزشتہ رات گرفتار ہوا
Dec 12, 2020
[video width="640" height="360" mp4="https://i.samaa.tv/wp-content/uploads/sites/11//usr/nfs/sestore3/samaa/vodstore/urdu-digital-library/2020/12/Fire-.mp4"][/video]

پشاور میں مشتعل علاقہ مکینوں نے کمسن بچی کے ریپ اور قتل میں ملوث ملزم کا گھر جلا دیا۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کر دیا۔

پشاور کے علاقہ بڈھ بیر کی رہائشی سات سالہ بچی 21 نومبر کو گھر سے ٹافیاں لینے نکلی تھی اور بعد میں اس کی جلی ہوئی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی اور ایک ماہ بعد گزشتہ شام کو ضلع خیبر سے ملزم گرفتار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ملزم آصف رضا بچی کا پڑوسی ہے جو واردات کے بعد فرار ہوکر ضلع خیبر کے علاقہ ذخہ خیل میں روپوش ہوگیا تھا۔ اس کو مقامی عمائدین نے پکڑ کر خیبر پولیس کے حوالے کیا اور پھر پشاور پولیس کی نفری نے اسے وہاں سے منتقل کیا۔

ملزم کی شناخت کے بعد علاقہ مکینوں نے اس کا گھر زمین بوس کردیا اور پھر اس کو آگ لگادی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقہ مکینوں کو منتشر کردیا مگر آگ پر قابو نہ پایا جاسکا۔

ملزم سے متعلق ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پہ وائرل ہوئی ہے۔ ویڈیو میں ملزم بچی کو قتل کر کے لاش قبرستان میں پھنکنے کا اعتراف کرتا ہے اور ملزم کو یہ بھی کہتے سنا جاسکتا ہے کہ مقتولہ میری کزن تھی۔ خاندانی چپقلش کے باعث قتل کر دیا۔ اس ویڈیو کے بارے میں پولیس نے تاحال کوئی تصدیق نہیں کی۔

Tabool ads will show in this div