شہری کی تھانیدار کو رشوت کی پیشکش مہنگی پڑگئی

ایس ایچ او کی مدعیت میں مقدمہ درج

نارووال کے علاقے چک امرو میں ایک شہری کی جانب سے اپنے بیٹے کو رعایت دلوانے کے لیے ایس ایچ او کو رشوت کی پیشکش مہنگی پڑگئی۔

اتوار کو کبیر احمد ناجائز اسلحے کے الزام میں پکڑے گئے اپنے بیٹے اویس کو مقدمے میں رعایت دلوانے کی غرض سے ایس ایچ او تھانہ امرو اکرام الحق کے دفتر میں انہیں رشوت دینے کی کوشش کی جو پولیس افسر نے ٹھکرادی۔

سرکاری افسر کو رشوت دینے کی کوشش پر شہری کے خلاف ایس ایچ او کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں مدعی کا کہنا ہے کہ انہیں رشوت دینے کی کوشش کی گئی جسے انہوں نے یہ کہہ کر ٹھکرادیا کہ تھانے میں کسی کام کے لیے رشوت کی نہیں بلکہ حق پر ہونے کی ضرورت ہوتی ہے۔

شہری کی جانب سے رشوت دینے کی کوشش کی فوٹیج دفتر ایس ایچ او کے دفتر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ بھی ہوئی ہے۔

ڈی پی او نارووال نے اس اطلاع پر نوٹس لیا جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ کسی کو قانون کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہ دی جائے گی۔

Tabool ads will show in this div