عالمی تنظیم کی پاکستان میں جنگلی حیات کیلئےپناہ گاہ بنانےکی یقین دہانی
عالمی تنظیم فری دا وائلڈ نے پاکستان میں بھی جنگلی حیات کیلئے سنکچریز بنانے کی یقین دہانی کروادی ہے۔ تنظیم کی جانب سے خط میں وفاقی وزیر ملک امين اسلم کو بتايا گیا کہ پاکستان کی جانب سے بھیجا گیا کاون ہاتھی کمبوڈيا ميں محفوظ اور خوش ہے۔
عالمی تنظیم فری دا وائلڈ کے شریک بانی مارک کاؤن نے وفاقی وزیرامین اسلم کوخط تحریر کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں سنکچریز بنانےسےجنگلی حیات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے گا اور سنکچریز کا قیام عالمی سیاحت کے لحاظ سے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ اس اقدام سے پاکستانی عوام کو تفریح کے نئے مواقع ملیں گے۔
مارک کاؤن نےبتایا کہ کاون باحفاظت کمبوڈیا وائلڈ لائف سنکچری میں پہنچ چکا ہے اورگزشتہ رات کاون نے 2 ایشیائی ہتھنیوں سے ملاقات بھی کی۔
واضح رہےکہ اس تنظیم نے اسلام آباد کے چڑيا گھر کے کاون ہاتھی کی کمبوڈیا منتقلی میں بھی سہولیات فراہم کی تھیں۔