نامکمل انڈرپاس کاافتتاح کرکے بزدار نے شہریوں کے مسائل بڑھادیے

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کئی ماہ کی تاخیر کے بعد فردوس مارکیٹ انڈر پاس کا افتتاح تو کر دیا مگر منصوبہ اب بھی مکمل نہ ہوسکا۔ سیوریج، فٹ پاتھ اور اطراف کی سڑکوں پر تاحال کام جاری ہے۔
گزشتہ روز سردار عثمان بزدار نے فیتہ کاٹ کر جس انڈرپاس کے افتتاح کا جشن منایا وہ ابھی نامکمل ہے۔ اطراف کی سڑکیں بنیں، نہ ہی سیوریج کا کام ہوا۔ انڈرپاس کی فنشنگ بھی ہونی ہے۔ چھ ماہ گزرنے کے باوجود لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کام کو مکمل طور پر ختم نہیں کرسکی۔
یہ بھی پڑھیں: بزدار نے فردوس مارکیٹ انڈر پاس کا افتتاح کردیا
لاہور کے باسیوں کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تکمیل نہ ہونے سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ایک شہری نے بتایا کہ منصوبہ مکمل نہ ہونے کے باعث ٹریفک کا مسئلہ وہی پرانا ہے۔
ٹھیکیدار کے مطابق کام مکمل ہونے میں ابھی چند روز لگیں گے۔ شہریوں نے پنجاب حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح ضرور کریں مگر مکمل ہونے سے پہلے نہیں۔