آج میری زندگی کا اہم دن ہے، بختاور
[caption id="attachment_2110989" align="alignright" width="900"] فائل فوٹو[/caption]
بختاور بھٹو کا کہنا ہے کہ بھٹو خاندان کو چاہنے والے دعا کریں، آج میری زندگی کا اہم دن ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنی منگنی پر خاص پیغام میں سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو نے لکھا کہ وہ تمام لوگوں کے پیار، محبت اور دعاؤں کی شکر گزار ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ منگنی میں شرکت کے خواہشمند پیپلز پارٹی کے کارکنان کی بھی تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔ ابھی تو شروعات ہے، کرونا وائرس وبا کے بعد ہم اسے بھرپور طریقے سے منائیں گے۔
بختاور کا مزید لکھنا تھا کہ تمام لوگوں سے اپنی فیملی اور خصوصاً شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست کی۔
واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بیٹی بختاور بھٹو کی منگنی آج 27 نومبر کو ہورہی ہے۔ منگنی کی تقریب آج بلاول ہاؤس کراچی میں ہو گی۔
Very sentimental & emotional day. So grateful for everyone’s love & prayers. Especially our PPP family whom I know are eager to participate. InshAllah this is only the beginning - will be able to celebrate in a post Covid world. Please keep SMBB and our family in your prayers💗🤗
— Bakhtawar B-Zardari (@BakhtawarBZ) November 27, 2020
جنوری 1990 میں جنم لینے والی بختاور بھٹوزرداری، بینظیر بھٹو اور آصف زرداری کے 3 بچوں میں سے دوسرے نمبر پر ہیں۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری ان سے 2 سال بڑے ہیں، جب کہ فروری 1993 میں پیدا ہونے والی آصفہ سب سے چھوٹی ہیں۔
انگلینڈ کی یونیورسٹی آف ایڈنبرگ سے انگلش میں ماسٹرز آنرز کی ڈگری لینے والی بختاور تعلیم کے فروغ کیلئے زیبسٹ یونیورسٹی کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔
بختاور کے ہونے والے شوہر سے متعلق پی پی میڈیا سیل نے بتایا کہ محمود چوہدری کے والدین محمد یونس اور والدہ ثریا بیگم کا تعلق پرانے لاہور سے ہے، جو 1973 میں متحدہ عرب امارات منتقل ہوگئے تھے اور سخت محنت کے بعد تعمیرات اور ٹرانسپورٹ انڈسٹری میں اپنے کاروبارکی بنیاد رکھی۔
میڈیا سیل کے مطابق بختاورکے ہونے والے منگیتر محمود چوہدری 5 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں۔ ان کی پیدائش 28 جولائی 1988 کو ابوظہبی میں ہوئی اور وہیں سے ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ سیکنڈری اسکولنگ کیلئے برطانیہ چلے گئے۔ محمود چوہدری نے یونیورسٹی آف درہم سے قانون کی تعلیم حاصل کی ہے۔
واضح رہے کہ بعض میڈیا ہاؤسز کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ یونس چوہدری کا خاندان امریکی شہریت رکھتا ہے۔