کوئٹہ: کاروبار، شادی ہالزاورپارکس معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت

حکومت نے 23 نومبر کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا

کوئٹہ میں کاروبار، شادی ہالز اور پارکس کی بندش کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا، شہر میں کاروبار معمول کے مطابق کرنے کی اجازت دیدی گئی۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کے مطابق کرونا کے بڑھتے ہوئے کیس پر 23 نومبر کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا جس میں پارکس شام 6 بجے، کاروبار 8 بجے اور شادی ہال 11 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ فیصلے کیخلاف تاجر برادری کی جانب سے بھرپور ردعمل سامنے آیا تھا، جس کے باعث نوٹیفکیشن واپس لیا گیا، فی الوقت تمام مارکیٹز حسب معمول کھلے رہیں گی تاہم ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنیوالی دکانوں کو سیل کردیا جائیگا۔

ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات میں تاجر برداری نے ایس او پیز پر مکمل عمل کرنے کی یقین دہانی کروائی جس پر ضلعی انتظامیہ نے 23 نومبر کا حکم نامہ واپس لیا۔

بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے مزید 45 افراد متاثر ہوئے جبکہ مجموعی کیسز 16 ہزار 891 تک پہنچ گئے، اب تک صوبے میں 164 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ 16 ہزار 93 صحتیاب بھی ہوچکے، ایکٹو کیسز کی تعداد 634 ہوگئی۔

Tabool ads will show in this div