کاون کیلئے اسلام آباد چڑیا گھر میں الوداعی تقریب
اسلام آباد میں کئی برس سے قیدِ تنہائی کا غم سہنے والے ہاتھی کی انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں۔ کاون کی کمبوڈیا روانگی کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں، مرغزار چڑیا گھر میں بچوں کے دوست ہاتھی کیلئے الوداعی تقریب بھی سجائی گئی۔
کمبوڈیا بھیجے جانیوالے ہاتھی کاون کے اعزاز میں اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں معاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ بڑے بوجھل دل کیساتھ کرنا پڑا۔
کاون کو اپنے وطن بھیجنے کیلئے پنجرہ بھی تیار ہوگیا ہے، جس میں اس کی رخصتی ہوگی، 35 برس بچوں کا دل بہلانے والا ہاتھی اب پاکستان میں چند دن کا مہمان ہے، کاون کو لے جانے کیئے جمعہ کو روسی جہاز آئے گا۔
وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی سائنٹیفک کمیٹی کے رکن زیڈ بی مرزا تو کاون کی جدائی پر رو پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے کاون ہاتھی کو سنکچری بھیجنے کا کہا تھا باہر بھیجنے کا نہیں۔
اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے مطابق ہاتھی کا بڑھا ہوا وزن بھی سفر کیلئے موزوں حد تک کم کردیا گیا ہے، کاون کو نور خان ایئربیس سے کمبوڈیا روانہ کیا جائے گا۔