کراچی میں اسمارٹ اور مائيکرو لاک ڈاؤن کا فیصلہ

نوٹیفیکیشن 21 نومبر کو جاری ہونے کا امکان
Covid-19 positive فوٹو: آن لائن

حکومت سندھ نے کراچی کے 6 اضلاع میں اسمارٹ اور مائيکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت کرونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جس میں کراچی میں کرونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کا نوٹس لیا گیا اور فیصلہ کیا گی کہ فوری طور پر کراچی کے جن علاقوں میں کرونا کے متاثرین کی تعداد زیادہ ہے ان تمام علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 4 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاون نافذ ہوگا جبکہ دو اضلاع میں مائیکرو لاک ڈاون لگایا جائے گا، اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ شرقی، غربی، وسطی اور جنوبی اضلاع جبکہ مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کورنگی اور ملیر میں لگایا جائے گا۔

اجلاس میں سیکریٹری ہیلتھ ڈاکٹر کاظم جتوئی ایڈیشنل کمشنر کراچی 2 ڈاکٹر وقاص روشن تمام ڈپٹی کمشنرز تما م ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران اور دیگر نے شرکت کی۔ تمام ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر کو اپنے اپنے اضلاع میں کرونا کی صورتحال اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے رحجان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن اضلاع میں متعلقہ ہیلتھ افسران کے ساتھ ڈپٹی کمشنرز نے مشاورت مکمل کرلی وہ فوری طور پر نوٹیفکشن جاری کردیں گے جبکہ جن اضلاع میں متعلقہ ہیلتھ افسران کے ساتھ مزید غور کرنے کی ضرورت ہے وہ آج مشاورت مکمل کرکے کل تک نوٹیفکیشن جاری کردیں گے۔

ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس کو بتایا کہ انہوں نے متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کرلی ہے وہ جلد نوٹیفکیشن جاری کردیں گے۔ کمشنر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کراچی میں کرونا پھیل رہا ہے وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے متاثرہ علاقوں میں لاک ڈاﺅن نافذ کرنے جبکہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیلئے مؤثر کوششوں کی ضرورت ہے۔

انھوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے مؤثر اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ میرج ہالز، ریسٹورنٹس اور سپر مارکیٹس میں ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے کارروائی کی جو مہم شروع کی گئی ہے وہ جاری رکھیں۔

کراچی میں کرونا کے ہاٹ اسپاٹس کون سے ہیں؟

کراچی میں ڈسٹرکٹ سینٹرل گلبرگ ٹاؤن میں سب سے زیادہ 203 کیسز، ناظم آباد سے 181 کیسز، لیاقت آباد سے 78 کیسز، نارتھ کراچی میں 66 کیسز جبکہ اسی طرح سمن آباد، نصیرآباد، سخی حسن، فاروق اعظم، کھنڈوگوٹھ ، النور سوسائٹی، عزیز آباد، شادمان ٹاؤن اور بفرزون میں بھی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

دوسری جانب کراچی کے ایک سرکاری اسکول میں ٹيچرز اور طلبا سميت 50 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے تقریباً 1300 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 19 مریض انتقال کرگئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے کئی شعبوں پر پابندی عائد کی جارہی ہے، ملک بھر میں شادی ہالز میں تقاریب پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ اسکولوں و تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق بھی معاملات زیر غور ہیں۔

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div