پی ایس ایل5 کا فائنل کراچی کنگز نے جیت لیا
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن کے فائنل میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو شکست دے کر پہلی مرتبہ پی ایس ایل تاج اپنے نام کرلیا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے فائنل میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کی جانب دیا جانے والا 135 رنز کا ہدف 19ویں اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیاتاہم 23 رنز کے اسکور پر کراچی کنگز کو پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا ۔
اوپنر شرجیل خان 13 رنز بنا کر سمٹ پٹیل کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، الیکس ہیلز 11 رنز بنا کر دلبر حسین کی گیند پر بولڈ ہوئے، افتخار احمد 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، رتھرفورڈ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر بابر اعظم نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے فاتحانہ اننگز کھیلی، وہ 63 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل تھے جبکہ چیڈویک والٹن 22 رنزکے ساتھ نمایاں رہے،کپتان عماد وسیم نے وننگ شارٹ کھیل کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا۔
لاہور قلندر کی جانب سے دلبر حسین اور حارث رؤف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، سمٹ پٹیل ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
قبل ازیں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 134 رنز بنائے ۔
لاہور قلندرز کو پہلا نقصان گیارہویں اوور کی پہلی گیند پر ہوا جب تمیم اقبال کنگز کے بولر عمید آصف کی گیند پر باونڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ تمیم اقبال نے 38 گیندوں پر 35 رنز سکور کیے۔ ان کی جگہ پاکستان کی قومی ٹیم میں پروفیسر کہلانے والے سینیئر کھلاڑی محمد حفیظ کھیلنے آئے۔
اسی اوور میں کراچی کنگز کو ایک اور وکٹ ملی جب فخر 27 رنز بنانے کے بعد ایک اونچا شاٹ لگاتے ہوئے کیچ ہو گئے دونوں کیچ محمد افتخار نے لیے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصف، وقاص مقصور اور ارشد اقبال نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔