گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات: پولنگ جاری

پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہیگی

گلگت بلتستان اسمبلی کے تیسرے الیکشن کیلئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی، جو بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

انتخابات میں 24 میں سے23 نشستوں کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ایک حلقے میں امیداوار کے انتقال کے باعث انتخاب 23 نومبر کوہوگا۔ اس سال ہونے والے انتخابات میں 4 خواتین بھی میدان میں اتری ہیں۔

انتخابات میں 7 لاکھ سے زائد ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جب کہ سوا لاکھ سے زیادہ پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔ جس میں 4 لاکھ 5 ہزار 350 مرد اور 3 لاکھ انتالیس ہزار نو سو بانوے خواتین شامل ہیں۔

پولنگ کیلئے ایک ہزار 160پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ 311 حساس اور 428 انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے علاقے میں بھر پور سیاسی مہم چلائی گئی۔ اس سال ہونے والے انتخابات کیلئے 13 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں، جب کہ دیگر صوبوں کے 5 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار بھی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ پیراملٹری فورسز بھی سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گلگت بلتستان کے 3 ڈویژن 10 اضلاع پر مشتمل ہیں۔ گلگت ڈویژن میں گلگت، ہنزہ، نگر اور غذر کے اضلاع شامل ہیں۔

بلتستان ڈویژن میں اسکردو، گانچھے، شگر اور کھرمنگ کے اضلاع شامل ہیں، جب کہ دیامر استور ڈویژن 2 اضلاع دیامر اور استور پر مشتمل ہے۔

الیکشن سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ اس سال مثالی انتخابات کروا کر تاریخ رقم کریں گے۔

SKARDU

ELECTIONS2020

Tabool ads will show in this div