پاکستان سپر لیگ5 پہلاایلیمینیٹر: لاہور قلندرز کامیاب

پشاور زلمی ایونٹ سے باہر ہوگئی

پاکستان سپر لیگ 5 کے پہلے ایلیمینیٹر میں لاہور قلندرز نے محمد حفیظ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی کو 5 وکٹ سے شکست دیدی۔ سہیل اختر الیون کا دوسرے ایلیمینیٹر میں ملتان سلطانز سے مقابلہ ہوگا۔

کراچی میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ 5 کے پہلے ایلی مینیٹر میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔

پشاور کی جانب سے شعیب ملک 39 اور ولیون 37 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے، فاف ڈوپلیسی نے 31 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے دلبر حسین نے 3، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ڈیوڈ ویزے نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں لاہور قلندرز کا 171 رنز ہدف کے تعاقب میں آغاز متاثر کن نہ رہا، 33 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، 46 گیندیں کھیلتے ہوئے انہوں نے 2 چھکے اور 9 چوکے لگائے۔

مزید جانیے : پی ایس ایل5، کراچی کنگز فائنل میں پہنچ گئی

بین ڈنک اور سمیت پٹیل 20، 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ڈیوڈ ویزے 7 گیندوں پر 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے 19ویں اوور کی آخری دو گیندوں پر وہاب ریاض کو مسلسل دو چھکے لگاکر ٹیم کی جیت پر مہر لگادی۔

پاکستان سپر لیگ کا دوسرا ایلی مینیٹر لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کل (اتوار کو) ہوگا، فاتح ٹیم فائنل میں 17 نومبر کو کراچی کنگز سے ٹکرائے گی۔

lahore qalandars

PESHAWAR ZALMI

PSL5

Tabool ads will show in this div