
فیصل آباد : بلدیاتی انتخابات کے نتائج سامنے آتے ہی فیصل آباد میں ن لیگی دھڑوں میں کشیدگی بڑھ گئی، رانا ثنا اللہ کے ڈیرے کے قریب فائرنگ سے چار افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فیصل آباد میں پنجاب کے صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ کے ڈیرے کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چار افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ڈیڑے کے قریب سیاسی جماعت کی جانب سے کامیابی پر ریلی نکالی جا رہی تھی کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے واقعہ سے قبل رانا ثنا اللہ کے حامیوں کی جانب سے عابد شیر علی اور ان کے گروپ پر حملے کی کوشش بھی کی گئی تھی، رانا ثنا کے حامیوں نے عابد شیر علی کی گاڑی کا گھیراؤ کیا اور انہیں دھکے اور مکے بھی مارے، صورت حال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے رینجرز اہل کار فوری موقع پر پہنچیں اور حالات قابو میں کیے۔ سماء