نیاپاکستان ہاؤسنگ اسکیم: کراچی میں 20منصوبوں کو این اوسی جاری

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے رہائشی وتجارتی منصوبوں کواجازت دی

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کراچی میں 20 رہائشی و تجارتی منصوبوں کو این او سی جاری کردیا، نو آبجیکشن سرٹیفکیشن نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت جاری کئے گئے۔

سماء ڈیجیٹل نے ایس بی سی اے سے وزیراعظم کے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت این او سی حاصل کرنیوالوں کی فہرست حاصل کرلی۔

رپورٹ کے مطابق اپریل سے اکتوبر 2020ء تک ایس بی سی اے کے ٹاؤن پلاننگ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے شہر قائد کے 20 رہائشی و تجارتی منصوبوں کیلئے این او سی جاری کئے گئے۔

تمام این او سیز نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت جاری کئے گئے، این پی ایچ ڈی اے تمام منصوبوں کی نگرانی کرے گا۔

ایس بی سی اے ٹاؤن پلاننگ ڈپارٹمنٹ کے مطابق مئی میں 2، جون میں 3، جولائی میں 4، ستمبر میں 7 اور اکتوبر میں ایک منصوبے کو این او سی جاری کیا گیا۔

ایس بی سی اے ٹاؤن پلاننگ کے ڈٓئریکٹر کا کہنا ہے کہ یہ تمام منصوبے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت آتے ہیں جو ان کی نگرانی کرے گا۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت کم قیمت گھروں کے منصوبے ناظم آباد، گلستان جوہر، جمشید کوارٹرز، رنچھوڑ لائنز کوارٹرز، رام باغ کوارٹرز، گڈام ٹاؤن، گلشن اقبال، صدر بازار کوارٹرز، رامسوامی کوارٹرز اور سرجانی ٹاؤن میں شروع کئے جائیں گے۔

ایس بی سی اے حکام کا کہنا ہے کہ این پی ایچ ڈی اے کے تحت منصوبوں کو تین فیز میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے فیز میں نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی صوبائی حکومت سے سبسڈائز ریٹ پر زمین حاصل کرکے خود کم قیمت گھروں کی اسکیم لانچ کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ دوسرے فیز میں وفاقی حکومت سبسڈائز ریٹ پر زمین حاصل کرکے 70:30 کے ریشو سے بلڈرز اور ڈیولپرز کے حوالے کرے گی۔ جس میں بلڈرز اور ڈیولپرز اپنے منصوبوں میں 30 فیصد گھر نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت تعمیر کرنے کے پابند ہوں گے۔

تیسرے فیز میں نجی بلڈرز اور ڈیولپرز اپنی خود کی زمین پر نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت گھر تعمیر کریں گے، جس پر انہیں کم قیمت گھروں کی اسکیم کے اجراء پر وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ٹیکس چھوٹ دی جائے گی۔

اس مرحلے میں بلڈرز اور ڈیولپرز کو اپنے منصوبوں میں 30 فیصد گھر کم قیمت ہاؤسنگ منصوبے کے تحت تعمیر کرنے کا پابند کیا جائے گا۔

ان سہولیات سے فائدہ اٹھانے کیلئے بلڈرز اور ڈیولپرز کو 31 دسمبر 2020ء سے قبل اپنے منصوبوں کیلئے این او سی حاصل کرنا ضروری ہوگا۔

ایس بی سی اے حکام کا کہنا ہے کہ ٹاؤن پلاننگ ڈپارٹمنٹ کے ذریعے 7 ماہ کے دوران (اپریل سے اکتوبر تک) 66 لاکھ 45 ہزار 243 اسکوائر فٹ کورڈ ایریا کی منظوری لی گئی ہے۔

ایس بی سی اے سے حاصل کئے گئے 20 این او سیز میں 10 بلند رہائشی و تجارتی منصوبے شامل ہیں، جن میں 6 گڈاپ ٹاؤن میں تعمیر کی جائیں گی جو گراؤنڈ پلس 14 اور گراؤنڈ پلس 15 منزلوں پر مشتمل ہوں گے۔

حکام کے مطابق ناظم آباد بلاک 4 میں گراؤنڈ پلس 21، پاکستان کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی گلشن اقبال میں گراؤنڈ پلس 14، صدر بازار کوارٹرز میں گراؤنڈ پلس 14 اور سرجان ٹاؤن اسیم 41 میں گراؤنڈ پلس 12 منزلوں کی عمارتیں تعمیر کرنے کیلئے این او سیز جاری کئے گئے ہیں۔

SBCA

Naya Pakistan Housing scheme

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div