اسلام آباد چڑیاگھر کے ریچھ بیرون ملک منتقل کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پرحکومت نے 2 ریچھوں کوبیرون ملک منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمعرات کو چڑیا گھر میں جانوروں کی ہلاکت سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کی۔عدالت کے حکم پر حکومت نے 2 ریچھوں کو بیرون ملک منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی حکومت نے ریچھوں کی بیرون ملک منتقلی سے متعلق این او سی جاری کردیا۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل سید طیب شاہ کی جانب سے عمل درآمد رپورٹ عدالت میں جمع کروادی گئی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ این اوسی جاری ہونے کے بعد ریچھوں کی بیرون ملک منتقلی کی منظوری دے دی گئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ایک ریچھ کو اردن اوردوسرے کو بلغاریہ کومنتقل کیا جائے گا۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ نےدرخواست گزار وکیل سے استفسارکیا کہ کاون ہاتھی کا کیا بنا؟۔درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ کاون ہاتھی کی دیکھ بھال پر مامورڈاکٹرعامر کی ٹیم اتوار کو آئے گی،کاون ہاتھی کا پنجرہ تیارہوچکا ہے جو چڑیا گھر منتقل کیا جائے گا۔عدالت نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 27 نومبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نےمرغزار چڑیا گھر سے ریچھوں کی تاحال بلکسر پناہ گاہ منتقلی نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا تھا اور منتقلی سے متعلق پناہ گاہ کو حکومت کی معاونت کرنے کا کہا ہے۔