دشمن کسی بھول میں نہ رہے، دفاع کیلئے تیارہیں، آرمی چیف

جنرل قمرجاوید باجوہ کو چھمب سیکٹر میں بریفنگ دی گئی
Oct 21, 2020

آرمی چيف لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں پر پہنچ گئے، جنرل قمر جاويد باجوہ نے واضح کردیا کہ دشمن کسی بھول میں بالکل نہ رہے، فوج دفاع وطن کیلئے تیار ہے۔ سربراہ پاک فوج نے سرحدی دفاع پر مامور افسروں اور جوانوں کے بلند حوصلے کی تعریف کی، بھارتی جارحیت سے متاثرہ مقامی آبادی کیلئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی بھی کرادی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایل او سی کی تازہ صورتحال دیکھنے اگلے مورچوں پر پہنچ گئے۔ سپہ سالار نے پاک فوج کی سرحدوں پر مسلسل نگرانی اور قابل ذکر آپریشنل تیاریوں کی خوب تعریف کی، بھارتی فائرنگ سے متاثرہ آبادی کی ہر ممکن مدد کرنے پر بھی زور دیا۔

انہوں نے افسروں اور جوانوں کو ثابت قدم رہتے ہوئے فرائض انتہائی خلوص اور جانفشانی سے نبھانے کی بھی ہدایت کی۔

سربراہ پاک فوج نے کہا ہے کہ دشمن کسی بھول میں بالکل نہ رہے، پاک فوج دفاع وطن کیلئے ہر دم تیار ہے۔

چھمب سیکٹر پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف جنرل باجوہ کا پُرتپاک استقبال کیا۔ سپہ سالار کو پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں، ایل او سی پر بھارت کی شر انگیزیوں خصوصاً جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر بریفنگ دی گئی۔

general qamar javed bajwa