کراچی میں تعمیراتی اجازت نامے 30دن میں ملیں گے

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے کراچی میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت تعمیراتی اجازت نامے کی رفتار میں تیزی کے لیے 2 کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔
ایس بی سی اے نے 2 سیلز تشکیل دیے ہیں جن کے نام سیل ون اور سیل ٹو رکھے گئے ہیں جو ’’ایز آف ڈوئنگ بزنس ریفارمز‘‘ کے تحت بلڈرز اور ڈویلپرز کی درخواستوں کی جانچ پڑتال کریں گے۔
سیل ون کی سربراہی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کریں گے جبکہ ٹاؤن پلاننگ اینڈ ریگولیشنز کے ڈائرکٹر، ڈیزائن اینڈ اسٹرکچر ڈائریکٹر، ڈائریکٹر برائے آئی ٹی اور بلڈرز ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی شریک ہونگے۔
سیل ون کراچی میں 400 مربع گز سے زیادہ پلاٹوں کی تعمیرات سمیت ڈیزائن، اسٹریکچر کے اجازت نامے اور خرید و فروخت کی اجازت دے سکے گا۔
سیل ون پر تعمیرات کی منظوری 30 دن کے اندر دینا لازمی ہوگی جبکہ این او سیز تعمیراتی منظوری کے بعد اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔
سیل ٹو کیٹیگری ون، ٹو اور تھری کی عمارتوں کو فاسٹ ٹریک نظام سے تعمیر کرنے کی اجازت دیتا ہے جس کی نگرانی ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر ادریس عبد الغفار، سید آصف رضوی اور عرفان نقوی کر رہے ہیں۔ سیل ٹو کمیٹی کے چیئرمین ڈی جی کی صوابدید پر اجازت نامے دیں گے۔
بلڈنگ کی کیٹیگریز
کیٹیگری ون: رہائشی پلاٹ- 399 مربع گز
کیٹیگری ٹو: رہائشی پلاٹ- 400 مربع گز
کیٹیگری تھری: صنعتی پلاٹ
کیٹیگری فور: تجارتی پلاٹ یا عوامی فروخت کے منصوبے