اسکردو لینڈسلائیڈنگ:جاں بحق افراد کی تعداد16ہوگئی

گلگت بلتستان میں اسکردو روڈ پر مسافر وين پہاڑی تودہ کی زد میں آگئی۔ حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہوگئی۔
راول پنڈی سے اسکردو جانے والی مسافر کوسٹر پر تونگوس کے مقام پر پہاڑی تودہ گرا۔ اندوہناک حادثے کے نتیجے میں کوسٹر مکمل طور پر تودے تلے دب گئی۔
پولیس کے مطابق ملبے سے 16 افراد کی لاشيں نکال لی گئیں ہیں۔ ایف ڈبلیو او، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو کا عملہ جائے حادثہ پر موجود ہیں۔ ایس ڈی پی او محمد حسن نے 16 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔
ایس ڈی پی کا مزید کہنا تھا کہ ڈرائیور اور کندیکٹر سمیت 6 افراد کی شناخت کرلی گئی ہے۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹ کمپنی کے مطابق گاڑی میں عملہ سمیت 16 افراد سوار تھے، جن میں سے کچھ مختلف مقامات پر اتر چکے تھے۔