گوجرانوالہ جلسہ : اسٹیڈیم میں تیاریاں عروج پر
گوجرانوالہ میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں ہیں۔ جلسہ گاہ اور اطراف کے علاقوں کو پارٹی پرچموں اور بینرز سے سجا دیا گیا ہے۔
پہلوانوں کے دیس میں سیاسی کی اکھاڑا سجانے کی تیاریاں دیکھنے لائق ہیں۔ پی ڈی ایم کا جلسہ جمعہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں ہوگا۔ انتظامیہ کی جانب سے طے شدہ 28 نکاتی معاہدے کے مطابق جمعہ کی شام 5 سے11بجے تک جلسے کی اجازت ہوگی، جب کہ ملکی سلامتی کے اداروں اور آئین کے خلاف کوئی تقریرنہیں کی جائے گی۔
پی ڈی ایم کا کوئی رہنما اسٹیڈیم کے علاوہ کسی جگہ تقریر نہیں کرے گا، جی ٹی روڈ پراستقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے، جب کہ جلسے کے دوران کورونا وائرس کی ایس او پیز پرعمل لازمی ہوگا۔
اس کے علاوہ کارکنان کے درمیان تین سےچھ فٹ کا فاصلہ ہوگا، جلسہ گاہ میں اسلحےکی نمائش اورآتش بازی پرپابندی ہوگی، خلاف ورزی پرجلسہ انتظامیہ کےخلاف مقدمات درج کیےجائیں گے۔