امریکی جریدے میں بھارت داعش گٹھ جوڑ کاانکشاف

امریکی جریدے نے دہشت گردی سے متعلق رپورٹ میں بھارت کو بے نقاب کرتے ہوئے دہشت گردی کے حوالے سے تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔
امریکی جریدے فارن پالیسی کی رپورٹ نے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش اور بھارت کے درمیان روابط کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ داعش اور بھارتی گٹھ جوڑ سے عالمی اور علاقائی امن کو خطرہ ہے۔ بھارت کی انتہا پسند پالیسی نہ صرف خطے بلکہ دنیا کیلئے تباہ کن ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مختلف ممالک میں دہشت گرد حملوں میں بھارتی سرپرستی نیا موڑ لے رہی ہے۔ بھارت اور دہشت گرد تنظیم داعش نے ہی پلاننگ کرکے سال 2019 میں سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر اور سال 2017 میں شہر نیویارک اور سوئیڈن کے شہر اسٹاک ہوم میں ٹرک کے ذریعے دہشت گردانہ کارروائیاں کیں۔
امریکی جریدے میں ترکی میں ہونے والے حملے سے متعلق بھی انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ترکی میں نئے سال کے آغاز پر سال 2017 میں نائٹ کلب میں حملہ بھی اسی گٹھ جوڑ کا شاخسانہ تھا۔
رپورٹ کے مطابق داعش کے جلال آباد میں اگست میں جیل پر حملے نے ابھرتے خطرے کو بڑھاوا دیا،حملوں کی منصوبہ بندی میں بھارتی ہاتھ انتہائی پریشان کن ہے۔
فارن پالیسی نے بھارت کو دہشت گردی کا نیا چہرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی دہشت گردی میں بھارت سرفہرست ہے،اگر بھارت کی انتہا پسند پالیسی کا نوٹس نہ لیا گیا تو اس کے دور رس اثرات ہوں گے۔