اسلام آباد پولیس کے اہلکار نے ساتھی اہلکار کو قتل کردیا

اسلام آباد میں فلیٹ کے تنازع پر پولیس اہلکار نے فائرنگ کر کے اپنے ساتھی اہلکار کو قتل کر دیا۔ واردات کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔ پولیس نے تلاش شروع کر دی۔
اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس میں واقع فلیٹ کے تنازع پر وفاقی پولیس کے دو اہلکاروں میں تلخ کلامی ہوئی۔ بات آگے بڑھی تو ایک اہلکار عاصم نے فائرنگ کرکے دوسرے اہلکار بخت منیر کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پڑوس میں رہنے والی خاتون نے بتایا کہ میں گھر میں تھی کہ تین فائرہوئے۔ اندر سے نکلی تو دیکھا کہ ملزم پولیس والے کو مار کر بھاگ رہا تھا۔ اس کا پسٹل بھی گر گیا۔ ادھر موٹر سائیکل تھا وہ بھی لے گیا۔
پولیس کے مطابق قاتل اور مقتول کے درمیان پہلے بھی اسی فلیٹ کے تنازع پر جھگڑا ہوا تھا تاہم بعد میں صلح ہو گئی لیکن رنجش برقرار رہی۔
ڈی ایس پی اقبال خان کے مطابق پولیس کے تین جوان ایک فلیٹ میں رہائش پذیر تھے۔ عاصم نے اسے گولی ماری ہے اور پھر فرار کو گیا۔ آج بھی ان کی آپس میں تلخ کلامی ہوئی اور اسی بنیاد پہ اس نے فائر مارا جس سے اسکی ڈیتھ ہو گئی۔
جاں بحق اہلکار کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے پولی کلینک اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔