شہبازشریف اپنے بھائی کی تقریروں کی بھی مذمت کریں، وزیراعلیٰ بلوچستان

کرونا پھیلا تو ذمہ دار اپوزیشن ہوگی، جام کمال خان

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ شہباز شریف اپنے بھائی کی تقریروں کی بھی ایسے ہی مذمت کریں گے جیسے الطاف حسین کی کی تھی، 25 تاریخ کے بعد ملک میں کرونا پھیلا تو ذمہ دار پوزیشن ہوگی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کی صوبائی وزراء کے ہمراہ کوئٹہ میں نیوز کانفرنس  کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں فورسز، شہریوں، وکلاء، سیاستدانوں اور اساتذہ کی قربانیوں کے بعد امن قائم ہوا، قوم پرست اپوزیشن کو جلسے کیلئے پلیٹ فارم دیکر حالات خراب کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کا دشمن کمزوریاں تلاش کرتا ہے ہمیں اسے موقع نہیں دینا چاہئے۔

جام کمال خان کا کہنا ہے کہ جلسے کی تاریخ میں بار بار توسیع  ناکامی کی غماز ہے، 25 اکتوبر کے بعد ملک میں اگر کرونا پھیلا تو ذمہ دار اپوزیشن جماعتیں ہوں گی، جلسے والوں نے حدود سے تجاوز کیا تو حکومت حرکت میں آئے گی، آج بلوچستان میں امن اور ترقی ہورہی ہے، بلوچستان حکومت میں شامل جماعتیں صوبے کی ترقی کیلئے بلا تفریق کام کررہی ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ بلوچستان کا پُرامن ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، برفباری سیلاب میں بلوچستان کے عوام کو نظر انداز کر دیا گیا، بلوچستان کے عوام ورغلانے والوں کو جانتے ہیں، وفاق اور صوبائی حکومتیں مستقبل میں بلوچستان کیلئے بڑے کام کرنے جارہے ہیں، دین زبان مذہب اور علاقائی بنیادوں پر لوگوں کو بہت لڑوا لیا گیا۔

Jam Kamal Khan

Tabool ads will show in this div