فیاض الیاس آباد کے چیئرمین منتخب

خواجہ ایوب سینئروائس چیئرمین، عارف شیخانی وائس چیئرمین بن گئے

فیاض الیاس ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین منتخب ہوگئے، سالانہ انتخابات 21-2020ء میں خواجہ محمد ایوب سینئر وائس چیئرمین جبکہ عارف شیخانی وائس چیئرمین کے عہدے پر کامیاب ہوگئے۔ دانش بن رؤف کو سدرن ریجن، شیراز جے منو کو ناردرن ریجن  کا چیئرمین جبکہ  کاشف شیخ کو سب ریجن حیدرآباد کا وائس چیئرمین منتخب کرلیا گیا۔

آباد ہاؤس میں ہونیوالے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کی جنرل باڈی کا اجلاس ہوا، جس میں سال 21-2020ء کیلئے تمام اراکین نے آباد کے نئے عہدیداران کا انتخاب کیا۔

اس موقع پر نومنتخب چیئرمین فیاض الیاس نے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے تمام بلڈرز، ڈیولپرز اور آباد کے ممبران کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے بلا تفریق ممبران کی فلا ح و بہبود کیلئے اور تعمیراتی صنعت کے فروغ کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آباد کی طاقت ممبران کے باہمی اتحاد پر منحصر ہے، آباد الیکشن میں ممبران نے جس اتحاد کا مظاہرہ کیا وہ ہمیشہ برقرار رہے گا، انہوں نے آباد کے ممبران کی فلاح و بہبود اور تعمیراتی شعبے کی ترقی اور ملکی معیشت کے فروغ میں شاندار خدمات پر محسن شیخانی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ محسن شیخانی مستقبل میں بھی تعمیراتی صنعت کے فروغ کیلئے آباد کے عہدیداران کی سرپرستی کرتے رہیں گے۔

سبکدوش ہونیوالے چیئرمین محسن شیخانی نے خطاب کرتے ہوئے تمام نومنتخب عہدیدران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آباد ممبران کی فلاح و بہبود، ممبران کے مسائل حل کرنے، تعمیراتی صنعت کے فروغ اور ملکی معیشت کے استحکام اور وطن عزیر کی خوشحالی کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

محسن شیخانی نے بتایا کہ ان کے دور میں تعمیراتی شعبے کو بے شمار مسائل کا سامنا تھا لیکن اللہ تعالیٰ کی مدد سے ہم  فکس ٹیکس ریجیم کا نفاذ، مقررہ وقت میں بلڈنگ پلان کی منظوری اور تعمیراتی شعبے کو صنعت کا درجہ دلانے میں کامیاب ہوئے ہیں، وزیراعظم عمران خان  کی جانب سے کم لاگت گھروں کی تعمیر کیلئے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا اعلان آباد ممبران کیلئے نہایت خوش آئند ہے جس سے کم آمدن والے طبقے کو  50 لاکھ گھروں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ لاکھوں افراد کو روزگار بھی ملے گا، جس سے  تعمیراتی شعبے کا استحکام اور ملکی معیشت کو فروغ ملے گا۔

محسن شیخانی نے اپنے دور میں آباد کو ملنے والی کامیابیوں پر تمام سبکدوش ہونے والے عہدیداران اور ممبران کو خراج تحسین پیش کیا۔ سبکدوش ہونے والے سینئر وائس چیئرمین سہیل ورند، وائس چیئرمین عبدالرحمان اور سدرن ریجن کے چیئرمین محمد علی توفیق رتاڑیا نے بھی تمام نو منتخب عہدیداراران کو مبارکباد دی۔

قبل ازیں سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے انتخابات  ہوئے جس میں الائیڈ پینل کے الطاف کانٹا والا بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے جبکہ الائیڈ پینل کے ہی عامر امین تھارا، عبدالکریم آڈھیا، افضل چامڈیہ، احمد اویس، علی جمیل، آصف یونس سم سم، عارف یوسف جیوا، محمد ایوب، محمد حسن بخشی، محمد صادق بلوچ، ندیم ریاض، فیاض الیاس، محمد سہیل نیوی والا، نذیر محمد غوری، راحیل رنچ، خاور منیر اور محمد عارف شیخانی بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔

محمد ناصر لاکھانی، محمد پٹیل، سعید خورشید عالم، عمر بن اسلام، طارق عزیز، عبدل برکات، انجینئر دانش بن رؤف، ذیشان صدیقی، محمد خالد، مصطفیٰ شیخانی، عزیر شاہد اور سید الطاف حسین کو آباد کی سدرن ریجنل ایگزیکٹیو کمیٹی کا رکن منتخب کرلیا گیا۔

علاوہ ازیں شیراز جے منو کو آباد ناردرن ریجن کا چیئرمین جبکہ حضر ایوب اظہار، ساجد سعید، ساحر رشید، عمر الٰہی شیخ، میاں محمد نعمان، محمد پرویز چوہدری اور تعظیم احمد ناردرن ریجن کے ممبران منتخب ہوگئے۔ سب ریجن حیدر آباد کیلئے کاشف شیخ کو وائس چیئرمین جبکہ انجینئر شبیر میمن اور اسد اللہ کو بطور رکن منتخب کیا گیا۔

ABAD

Tabool ads will show in this div