مرحوم اداکارعرفان خان کےبیٹے کی خواب میں والدسےملاقات
رواں برس دنیا سے کوچ کرنے والے بالی ووڈ اداکار عرفان خان گزشتہ رات بیٹے بابیل خان کے خواب میں آئے مگر کچھ نہ کہا، بس مسکراتے رہے۔
انسٹاگرام پر عرفان خان کے بیٹے نے اپنے والد کے ہمراہ ایک یادگار تصویر پوسٹ کرتے ہوئے والد کی یاد میں ایک جذباتی پیغام لکھا۔
بابیل خان نے اپنے خواب کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ میں گزشتہ رات 14 گھنٹے تک سوتا رہا اور میں نہیں چاہتا تھا کہ میں اس نیند سے اُٹھوں کیونکہ میں خواب میں اپنے والد کو دیکھ رہا تھا۔
بابیل خان نے جذباتی ہوتے ہوئے لکھا کہ مجھے نیند سے جاگنا پسند نہیں کیونکہ جاگنے کے بعد ہر دن یہ احساس ہوتا ہے کہ میرے والد مجھے چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
اُنہوں نے اپنے خواب کے بارے میں بتاتے ہوئے لکھا کہ خواب میں میرے والد نے کچھ نہیں کہا میں اور وہ بس مُسکرا رہے تھے۔
واضح رہے کہ رواں برس 29 اپریل کو اداکار عرفان خان 53 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔