افغان خاتون،جس کے3 شوہر جنگ میں مارے گئے

افغانستان میں 20 سال سے جاری جنگ میں جہاں ہزاروں افراد نے اپنی جانوں سے ہاتھ دھوئے، وہیں کچھ خاندان اور گھرانے ایسے بھی ہیں، جہاں ایک ہی خاندان نے بار بار یہ زخم کھائے۔ ان میں سے ایک 33 سالہ تاج بی بی بھی ہیں۔
تاج بی بی اس خونی جنگ میں اپنے 3 شوہروں کو گنوا چکی ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ یہ جنگ اب ختم ہو جائے تاکہ وہ اپنے چوتھے شوہر کے ساتھ پرسکون زندگی گزار سکیں۔
افغان مشرقی صوبے کنڑ کے علاقے صادق آباد کی 33 سالہ تاج بی بی اپنے چوتھے شوہر امین اللہ کیلئے دعا کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ میں نہیں چاہتی کہ میرے چوتھے شوہر کی قسمت بھی میرے پچھلے 3 شوہروں جیسی ہوں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تاج بی بی کی پچھلی 3 شادیوں ان کے چوتھے شوہر کے ہی تین بھائیوں سے ہوئی تھیں۔ یعنیٰ وہ چوتھی بار ایک ہی گھر میں بیائی گئیں۔ ان کے پچھلے تینوں شوہر افغان فوج کا حصہ تھے، جو طالبان کے خلاف لڑائی میں مارے گئے۔
[caption id="attachment_2049196" align="alignright" width="800"]
تاج بی بی کا کہنا ہے کہ ایک ہی گھر میں دوبارہ شادی کی وجہ وہاں کا پختون کلچر ہے۔ پشتون معاشرے میں یہ رواج ہے کہ بیوائیں مرحوم شوہر کے بھائی سے شادی کر لیتی ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ خاندان کے لوگ بیوہ کو خاندان سے باہر شادی کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔
چوتھی بار شادی کے بندھن میں بندھنے والی تاج بی بی کے چوتھے شوہر کو بھی طالبان کے خلاف لڑائی کیلئے 3 ماہ کیلئے اگلے مورچوں پر بھیجا گیا ہے، جس پر تاج بی بی خوف کا اظہار کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ وہ چوتھی بار بیوہ بننے کا دکھ برداشت نہیں کرنا چاہتی ہیں۔
تاج بی بی کی پہلی شادی 18 سال کی عمر میں امین اللہ کے سب سے بڑے بھائی سے ہوئی، جو افغان فوج میں تھے۔ پرانے گزرے اچھے دنوں کو یاد کرکے تاج بی بی کا کہنا ہے کہ ہماری زندگی بہت اچھی گزر رہی تھی کہ اچانک میرے پہلے شوہر طالبان کے خلاف کارروائی میں مارے گئے۔ ان کے مرنے کے کچھ مہینوں بعد انہوں نے پہلے شوہر کے چھوٹے بھائی سے دوسری شادی کی، جو خود بھی افغان فوج کا حصہ تھے۔
بات آگے بڑھاتے ہوئے تاج بی بی نے مزید بتایا کہ ابھی وہ پہلے شوہر کا غم پوری طرح ہلکا بھی بہ کرپائی تھیں کہ دوسرے شوہر بھی فوجی چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں مارے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ دوسرے شوہر کے انتقال کے وقت وہ حاملہ تھیں اور ان کیلئے وہ انتہائی تکلیف دہ دن تھا ، جب انہیں خون میں لپ پت شوہر کی لاش کی شناخت کیلئے بلایا گیا۔

تاج بی بی کے مطابق اس کے بعد وہ عدت میں رہیں، تاہم اس دوران ان کے سسر نے درخواست کی کہ وہ عدت کے بعد ان کے تیسرے بیٹے کے نکاح میں آجائیں جو کے افغان پولیس میں ملازمت کرتے تھے۔ وہ تیسری بار بھی تیسرے بیٹے سے شادی کیلئے رضا مند ہوگئیں، مگر سال 2017 میں طالبان کے حملے میں وہ بھی مارے گئے۔
ان 3 بڑے سانحات سے گزرنے والی تاج بی بی کی چوتھی شادی امین سے ہوئی، جس نے انہیں بھائیوں کے بچوں سمیت خوشی سے قبول کیا۔ انٹرویو کے دوران تاج بی بی مسلسل اپنے بچوں کو دیکھتے ہوئے آنکھوں میں آنسو روکیں خاموش بھی ہوئیں۔
انہوں نے افغان حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خدارا ان بچوں کو چوتھی بار بے آسرا ہونے سے بچایا جائے اور یہ جنگ ختم کی جائے۔ شوہر کی پوسٹنگ کے دوران تاج بی بی اپنا زیادہ تروقت کپڑے سینے، بچوں کی دیکھ بھال اور امین اللہ کے اہل خانہ کی خدمت کرنے میں گزارتی ہیں۔ ان کے گھر کے افراد کی تعداد 15 ہے۔
ان کے موجودہ شوہر امین اللہ کی تنخواہ 300 امریکی ڈالر ہیں، جب کہ انہیں اپنے پچھلے شوہروں کی پینشن کے پیسے بھی ملتے ہیں۔