دبئی ٹیسٹ : پاکستان نے انگلینڈ کو 178 رنز سے شکست دیدی
دبئی : پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 178 رنز سے شکست دیدی، گرین شرٹس نے تین میچوں کی سیریز 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
دبئی ٹیسٹ میں 491 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 312 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، کھیل کے آخری دن انگلینڈ نے 130 رنز 3 وکٹوں کے نقصان سے اپنی ادھوری اننگز کا آغاز کیا، تو جو روٹ 71 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو جیسے انگلش بیٹسمینوں کی لائن ہی لگ گئی، 193 رنز پر 7 بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔
تاہم عادل راشد نے اسٹورٹ براڈ اور مارک ووڈ کے ساتھ مل کر 115 قیمتی رنز جوڑے اور میچ کی ڈرا کی جانب لے گئے، براڈ نے 30 اور ووڈ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کی جیت کے امکانات کچھ روش ہوتے نظر آئے۔
اس موقع پر بھی عادل راشد ڈٹے رہے، مگر میچ کے اختتام سے صرف 6 اوورز قبل یاسر شاہ کی جادوئی گیند پر غلط شاٹ کھیل کر اپنی ٹیم کیلئے یقینی کارنامہ انجام دینے سے محروم رہ گئے، عادل نے 172 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 61 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے میچ میں 8 وکٹیں لیں، دوسری اننگز میں ذوالفقار بابر نے 3 اور عمران خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 378 جبکہ 6 وکٹوں پر 354 رنز بناکر دوسری اننگز ڈیکلیئر کردی تھی، انگلش ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 242 اور دوسری اننگز میں 312 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ سماء