کراچی: شیر شاہ میں فیکٹری کی عمارت گرگئی
کراچی کے علاقے شیر شاہ میں فیکٹری کی عمارت گر گئی۔ حادثے میں متعدد افراد ملبے تلے دب جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
نمائندہ سما کے مطابق ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے ہیوی مشینری طلب کرلی گئی ہے، جب کہ ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق فیکٹری کی چھت دوپہر کے کھانے کے وقفے کے دوران گری۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ چھت گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام بھی جائے حادثہ پر روانہ ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فیکٹری میں دھاگا بنایا جاتا ہے۔
سما سے گفتگو میں فيکٹری ملازمین کا کہنا تھا کہ فیکٹری مالک کو ڈيڑھ دو مہينے پہلےعمارت مخدوش ہونے بتايا گيا تھا، تاہم یہاں پھر بھی کام جاری رہا۔ آدھی عمارت گر گئی ہے، جس میں 4 ڈیپارٹمنٹ تھے۔ عمارت جب گری تو کھانے کا وقفہ تھا۔