اپوزیشن کی اے پی سی آج اسلام آباد میں ہوگی

پیپلزپارٹی کی میزبانی میں اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) اتوار 20 ستمبر کو اسلام آباد میں صبح 11 بجے منعقد ہوگی۔
مریم نواز سمیت ن لیگ کا 13 رکنی وفد کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ نواز شریف اور آصف زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے اے پی سی سے خطاب کریں گے۔
دونوں رہنماؤں کی تقاریر سوشل میڈیا آفیشل لنکس پر فراہم کی جائیں گی۔
اے پی سی کا ايجنڈا 2 نکاتی ہوگا جس میں حکومت کی 2 سالا کارکردگی کا جائزہ لے کر آگے کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔ ایجنڈا کے مطابق اپوزيشن جماعتيں حکومت کو ٹف ٹائم دينے کے لیے تجاويز ديں گی۔
رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ کے مطابق ہم نے اس کی جگہ تبدیل کر دی ہے۔ پہلے یہ رمادہ میں ہو رہی تھی اب میریٹ میں ہوگی۔ بلاول صاحب کا نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے انہوں نے اس میں ورچوائلی شامل ہونے کی دعوت قبول کی ہے جبکہ آصف زرداری بھی اس میں ورچوائلی شامل ہوں گے۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ حکومت بہت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ کچھ نہیں ہوگا اگر ایسا ہی ہے تو وہ کل سے کیوں اتنے اتولے ہیں اور ہیجانی کیفیت کا شکار ہیں۔ سہارے حکومتوں کو نہیں بچا سکتے اور سہارا عوام کا ہی ہوتا ہے۔
جمعیت علماء اسلام ف کے مولانا فضل الرحمٰن، آفتاب شیرپاؤ، سردار اختر مینگل اور ڈاکٹر عبدالمالک نے کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کروا دی ہے۔
جماعت اسلامی نے اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے اے پی سی سے قبل ٹویٹر جوائن کر لیا ہے۔