انٹرٹینمنٹ چینلزپرغیراخلاقی مواد کی روک تھام کیلئے پالیسی کا اعلان
پیمرا اور پاکستان براڈکاسٹرز ايسوسی ايشن نے آن لائن انٹرٹينمنٹ چینلز پر چلنے والے غيراخلاقی مواد پر تشويش کا اظہار کرتے ہوئے اس حوالے سے مؤثر پالیسی ترتیب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی ميں چيئرمين پيمرا محمد سليم بيگ اور پاکستان براڈکاسٹرز ايسوسی ايشن کے عہدیداران کی ملاقات ہوئی جس ميں چئیرمین پیمرا نے آن لائن چینلز پر چلنے والے غيراخلاقی مواد اور اس سےمتعلق عوامی تحفظات کرتے ہوئے اس صورتحال پر تشويش کا اظہار۔ پاکستان براڈکاسٹرز ايسوسی ايشن نے بھی اس ضمن میں مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایک مؤثر پالیسی اور باہمی مشاورت سے انٹرٹینمنٹ سے وابستہ چینلز پر مبنی کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں طے پایا کہ کمیٹی کا اجلاس رواں یا اگلے ہفتے ہو گا جس میں عوامی تحفظات کو دور کرنے اور ڈراموں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
پاکستان براڈکاسٹرز ايسوسی ايشن کے تمام اراکین پیمرا اور عوام کے تحفظات سے متفق تھے جنہوں نے کہا کہ وہ ڈراموں کے موضوعات کومعاشرتی سماجی، اخلاقی اور مذہبی اقدار کے مطابق بنانے کے ليے کوشاں ہيں۔
گزشتہ دنوں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے حال ہی میں اختتام پزیر ہونے والے ٹی وی ڈراموں “عشقیہ” اور”پیارکے صدقے” کو دوبارہ دکھانے پرپابندی عائد کردی تھی ۔
سوشل میڈیا پر ڈراموں کے موضوعات کیخلاف اعتراضات کے تناظرمیں پیمرا کی جانب سے پریس ریلیز میں مزید کہا گیا تھا کہ ’ناظرین کی جانب سے ڈراموں میں دکھائے جانے والے مواد بالخصوص مرکزی خیال پرتنقید کی جارہی ہے اور ان میں مقدس رشتوں کی پامالی سے متعلق مواد نشر کرنے پر شدید اضطراب پایا جاتا ہے‘۔