محفوظ مستقبل کیلئے ذاتی کاروبار چلانے والی شوبز شخصیات
کہتے ہیں کہ عقلمند وہی ہے جو آنے والے کل کی سوچے، شاید اسی نقطے کو ذہن میں رکھتے ہوئے پاکستان شوبزانڈسٹری کی بہت سی شخصیات ایسی ہیں جو اپنے عروج کے دور میں ہی ذاتی کاروبار کر کے اس میدان میں قدم جما رہی ہیں۔
محفوظ مستقبل کیلئے اداکاری کےعلاوہ اپنا بزنس کرنے والی شوبزشخصیات میں اداکاربہنیں عروہ اورماورہ حسین نمایاں ہیں، جون 2019 میں دونوں نے اپنا فیشن لیبل "یو ایکس ایم" متعارف کروایا۔ ان کی کلیکشن میں ویسٹرن ڈریس کے علاوہ کانوں کے آویزے بھی شامل ہیں۔
عروہ اور ماورہ کے بعد نومبر2019 میں اپنی سالگرہ کے موقع پرجڑواں بہنوں ایمن اورمنال خان نے بھی "اے این ایم کلوزٹ " کے نام سے اپنا فیشن برانڈ لانچ کیا۔ ان کے ملبوسات میں مشرقی جھلک نمایاں ہے تاہم وقت کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مغربی ملبوسات بھی رکھے گئے ہیں۔
اداکارہ کومل عزیز 2019 کے وسط سے "اومل بائی کومل" کے نام سے اپنی برانڈ چلا رہی ہیں ، ان کے ڈیزائن کیے گئے ملبوسات مکمل طور پر مشرقی ہیں۔
اس دوڑ میں ابھرتی ہوئی اداکارہ اریبہ حبیب بھی شامل ہیں جو " اریبہ حبیب کلاتھنگ لائن " سے اپنا بچپن کا شوق پورا کررہی ہیں۔
کپڑوں کے ساتھ ساتھ اسٹائلش جوتے بھی لازم وملزوم ہیں، اسی ضرورت کو سمجھتے ہوئے معروف فیشن ماڈل آمنہ بابر نے ٹرینڈی جوتوں کی برانڈ " کوکون بائی آمنہ بابر" لانچ کی۔
چائلڈ اسٹارسے کیریئر کاآغاز کرنے والی اداکارہ اریشہ رضی نے بھی" اٹس فاریو" کے نام سے حال ہی میں اپنے بزنس کا آغازکیا۔
اس کے علاوہ اداکارفواد خان "سلک" اوراہلیہ صدف فیشن برانڈ "ایس ایف کے" چلا رہے ہیں جبکہ اداکار احسن خان بھی "احسن خان کلاتھنگ" کے نام سے اپنے کاروبار سے منسلک ہیں۔