بھارت میں پب جی بندہونےکے بعداکشےکمارکا" فوجی"لانےکااعلان

بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اداکاراکشے کمارنے بھارت میں پب جی کے مقابلے میں "فو-جی " گیم پیش کرنے کا اعلان کردیا۔ چین سے سرحدی کشیدگی کے باعث بھارت میں مقبول ترین گیم "پب جی" سمیت 100 سے زائد ایپس بند کردی گئی تھیں۔
فو- جی گیم بھارتی ٹیکنالوجی کمپنی کے ساتھ پیش کیاجارہا ہے، اکشے کمارنے انسٹاگرام پر گیم کی پروموپکچر شیئرکرتے ہوئے تفصیلات بتائیں۔
کیپشن میں اداکارنے لکھا" وزیراعظم نریندرمودی کی آتما نربھارموومنٹ کے تحت ملٹی پلیئرایکشن گیم فوجی متعارف کروانے پرفخرہے"۔
اکشے کے مطابق اس گیم سے تفریح کے علاوہ اسے کھیلنے والے بھارتی سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں سے متعلق بھی جان سکیں گے۔ یہی نہیں فوجی سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 20 فیصد " بھارت کے ویر" ٹرسٹ کودیا جائے گا۔
اس ٹرسٹ کا مقصد حکومتی سطح پرفنڈزجمع کر کے سیکورٹی اہلکاروں کے اہلخانہ کی مدد کرنا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اکشے کمار یہ گیم بھارتی ٹیکنالوجی کمپنی "گوکی" کے اشتراک سے متعارف کرا رہے ہیں۔ فوجی کا منصوبہ اداکار کی سرپرستی میں ہی شروع کیاگیا۔
اداکار نے اپنی پوسٹ میں یہ واضح نہیں کیا کہ گیم کب پیش کیا جائے گا۔
پب جی کی ٹکر پربھارت کا اپنا گیم شروع کرنے کی بنیادی وجہ متنازع سرحدی علاقے لداخ کے معاملے پر چین کے ساتھ بھارت کی سرحدی کشیدگی ہے جو 60 سال سے چلی آرہی ہے اور جون 2020 سے اس میں شدت آچکی ہے۔ اسی وجہ سے بھارتی حکومت نے حال ہی میں چین کی 100 سے زائد ایپس بند کردی تھیں۔