کراچی: نالوں پر قائم تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز

کراچی میں نالوں پر قائم تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) 2 ستمبر سے شہر کے 12 مقامات پر آپریشن کا آغاز کر رہی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق گجر نالے کے اطراف قائم آباديوں کو خالی کرانے کیلئے مساجد سے رات گئے اور علی الصبح اعلانات کیے گئے۔
اعلان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مکان خالی نہ کرنے پر نقصان کے ذمہ دار شہری خود ہوںگے۔ آپریشن کا مقصد کراچی کو آئندہ بارش کی تباہی سے بچانا ہے۔
گرینڈ آپریشن کے دوران نالوں پر قائم تجاوزات کو ختم کیا جائے گا، جس کا آغاز نيو کراچی زيرو پوائنٹ سے ہوا۔ آپریشن کے دوران حدود سے بڑھی ہوئی عمارتيں توڑی جائيں گی۔
اس سلسلے میں رات گئے ایف سی ایریا میں مکینوں نے آپریشن کے خلاف احتجاج کیا۔ نالے پر بنے مکان صبح 7 بجے تک خالی کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
آپریشن کے دوسرے حصے میں کیفے پیالہ سے تین ہٹی تک تجاوزات ختم کیے جائیں گے۔ کیفے پیالہ سے آپریشن شروع ہوگا اور ضیاءالدین اسپتال تک تجاوزات مسمار کیے جائیں گے۔
بیک وقت 3مقامات پر تجاوزات کے خلاف ایک ساتھ آپریشن ہوگا۔ پہلے مرحلے میں باڑے، دکانیں اور دیگرتجاوزات کیخلاف آپریشن ہوگا۔
پہلے مرحلے میں پنجاب کالونی، کرسچن کالونی ایف سی ایریا، کے علاوہ موسی کالونی اور مجاہد کالونی کے کچھ علاقے بھی شامل ہیں، جن کے مکانات بدھ کو مسمار کرنے کی ہدایت کی گئی۔
متاثرہ جگہوں سے مکان خالی کرنے والے متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے 4، 5ایشوز پہلے حل کرنے کیلئے منتحب کئے ہیں۔ 12سال میں پیپلز پارٹی کی کارکردگی بھی سامنے رکھی گئی تھی۔ وزیراعظم کے سامنے کراچی کے سارے ایشوز رکھے گئے تھے۔