جھنگ: دریائے چناب میں طغیانی سے قبرستان میں پانی داخل
ابتک 200 سے زائد دیہات زیر آب آگئے
جھنگ کے قریب دریائے چناب میں طغیانی کے باعث 200 سے زائد دیہات زیر آب آنے سے قبرستان میں بھی پانی داخل ہوگیا۔
سیلابی پانی مقامی قبرستان میں بھی داخل ہوا تو علاقہ مکینوں کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔ ایک روز قبل انتقال کر جانے والی خاتون کی تدفین کے لیے ریسکیو ادارے کی مدد طلب کرنا پڑی۔
مرحومہ کے رشتے دار کا کہنا تھا کہ ہمارا علاقہ سارا ڈوبا ہوا ہے، نانی اماں فوت ہوئیں تو ریسکیو والوں نے تعاون کیا۔
انچارج ریسکیو آفیسر نے بتایا کہ علاقے کے قبرستان کے اندر پانی آیا ہوا تھا اور اس خاتون کی تدفین میں مشکل ہو رہی تھی۔ ہمیں کال موصول ہوئی تو فوری مدد کو پہنچے۔
سیلاب زدہ علاقے میں پھنسے افراد نے مسئلہ حل کرنے پر ریسکیو عملے کا شکریہ ادا کیا۔