ن لیگ کے صدر شہباز شریف کراچی پہنچ گئے

شہبازشریف تقریباً2سال بعد کراچی آئے ہیں
فائل فوٹو

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف آج 2 ستمبر کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔ شہباز شریف تقریباً 2 سال بعد کراچی کا دورہ کر رہے ہیں۔

ترجمان پاکستان مسلم لیگ ن کے مطابق ن لیگ کے صدر میاں شہباز شریف بدھ کی صبح لاہور ایئرپورٹ سے کراچی کیلئے روانہ ہوئے۔ وہ ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے۔

کراچی آمد پر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ ایسی صورت حال میں سیاست نہیں کی جانی چاہیئے۔ عمران خان سياست نہ کريں کراچی آئيں۔ يہ سياست کا نہيں کام کا وقت ہے۔ کراچی کے حالات دیکھ کر یہاں آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ امیر اور غریب دونوں سیلاب کی تباہ کاریوں سے پریشان ہیں۔ مل کر کام کیا گیا ہوتا، سیاست نہ کی گئی ہوتی تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ کراچی کو تباہی کا سامنا ہے۔ سندھ حکومت کیساتھ اظہار ہمدردی کرنے آئے ہیں۔ گرین لائن وفاقی کی ذمہ داری تھی۔ نواز شریف کے بعد اس کیلئے کتنے فنڈز دیئے کچھ پتا نہیں۔ حکومت کراچی میں بارش کے متاثرین کو معاوضہ دے۔

 شہباز شریف نے ملیر ایسٹ، سینٹرل، ساؤتھ کیساتھ اپنے حلقہ ویسٹ 249 میں صورت حال کا جائزہ بھی لیا۔ کراچی آمد پر شہباز شریف کی سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

دورے کے دوران ن لیگ کے سینیر رہنما احسن اقبال اور ترجمان مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ شہباز شریف پارٹی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور ن لیگ کی مقامی قیادت کو کراچی میں ریلیف سرگرمیوں کی ہدایات دیں گے۔

واضح رہے کہ ن لیگ کے صدر نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔ شہباز شریف نے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اداروں اور رضا کاروں کو خراج تحسین بھی پیش کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکلات سے دوچار پاکستانیوں کی مدد ہم سب کی دینی، ملی اور قومی ذمہ داری ہے۔

دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی کراچی کے دورے پر ہیں۔ وہ گزشتہ شب ہی کراچی کے دورے پر پہنچے ہیں اور انہیں کور ہیڈ کوارٹرز میں شہرکی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے سربراہ نے کراچی کا فضائی جائزہ لیا اور انہیں حالیہ بارشوں اوراربن فلڈنگ کے نقصانات سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ شہر کے انفراسٹرکچرمسائل نے صورتحال کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔ قدرتی آفت نے بڑے شہروں کو آئندہ مستقبل میں تباہی سے بچانے کا موقع فراہم کیا ہے۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت دی کہ عوامی نوعیت کی جگہوں اور زیادہ متاثرہ علاقوں پرکام کوترجیح دی جائے۔

شہباز شریف اور آرمی چیف کے بعد جمعہ کے روز وزیراعظم عمران خان کا بھی دورہ کراچی متوقع ہے، جس میں وہ شہر کیلئے بڑے پیکیج کا اعلان کرسکتے ہیں۔

ZARDARI

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div