ایون فیلڈ ریفرنس:نوازشریف،مریم،صفدرکی اپیل سماعت کیلئےمقرر

دو رکنی خصوصی بینچ کیس کی سماعت کریگا

پاناما اسکینڈل کے مرکزی کیس ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا کے خلاف اپیلیں اسلام آباد ہائکورٹ میں یکم ستمبر کو سماعت کے لئے مقرر کردی گئی ہیں۔

نواز خاندان کے خلاف لندن میں آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن محمد صفدر کی سزا کے خلاف اپیلیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہیں۔

العزیزیہ ریفرنس میں میاں محمد نواز شریف کی سزا کالعدم قرار دینے کی درخواست، جب کہ سزا بڑھانے اور فلیگ شپ میں بریت کیخلاف نیب اپیل کی سماعت بھی اسی روز ہوگی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ سے جاری کاز لسٹ کے مطابق یکم ستمبر کو جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل خصوصی بینچ اس اپیل کی سماعت کرے گا۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 6 جولائی سال 2018 کو فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو10 سال قید با مشقت اور 80 لاکھ برطانوی پاؤنڈز جرمانے کا حکم سنایا تھا۔

کیس میں ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال قید اور 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ، جب کہ کیپٹن صفدر کو اعانت جرم میں 1 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ سزاؤں کے خلاف نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر نے احتساب عدالت کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

اپیلوں پر فیصلے تک سزائیں معطل کرنے کی الگ درخواست بھی دائر کی گئی تھیں۔ 19 ستمبر سال 2018 کو ہائی کورٹ نے تینوں کی سزائیں معطل کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ سزا کالعدم قرار دینے کی مرکزی اپیل تب سے ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے۔

ISLAMABAD HIGH COURT

AVENFIELD

Tabool ads will show in this div