جمہوریت کیلئے جنرل کیانی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا: وزیر اعظم
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد: وزیر اعظم ہاؤس میں پاک فوج کے سبکدوش ہونے والے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔۔ میاں نواز شریف کہتے ہیں کہ جمہوریت کے استحکام اور ملکی سلامتی کیلئے جنرل کیانی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔
وزیر اعظم نواز شریف نے پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ دیا۔۔
نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، نئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف، بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان، تمام کورکمانڈرز، حساس اداروں کے سربراہان بھی عشائیہ میں موجود تھے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، اعتزازاحسن ، راجہ ظفر الحق اور وفاقی کابینہ کے ارکان نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے جنرل کیانی کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنرل کیانی نے ملکی دفاع کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ملک اور جمہوریت کے استحکام کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی قیادت میں فوج کا کردار بھی اہم رہا اور بے پناہ شہادتوں کے باوجود فوج کا عزم متزلزل نہیں ہوا۔۔ فوجی اور سیاسی قیادت کے روابط بھی مستحکم ہوئے۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پاک فوج آئندہ بھی اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کرتی رہے گی۔۔
عشایئے کے بعد جنرل کیانی نے وزیراعظم سے الوداعی ملاقات کی جس میں نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بھی موجود تھے۔۔ سماء