عمراکمل کی سزا میں کمی، پاکستان کرکٹ بورڈکا اپیل کافیصلہ

کرکٹ بورڈ کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اپیل کریگا
فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کی سزا ميں کمی کے فيصلے کیخلاف کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ ہمدردانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے پابندی کو 18 ماہ تک محدود کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قومی کرکٹر عمر اکمل کی پی سی بی اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر سزا میں کمی کے فیصلے کیخلاف لوزین، سوئٹزر لینڈ میں کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں درخواست دائر کریگا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ آزاد ایڈجیوڈیکیٹر کی جانب سے ہمدردانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے عمر اکمل پر پابندی 36 ماہ سے کم کرکے 18 ماہ تک محدود کی گئی، عمر اکمل جيسے کرکٹر پر پابندی عائد کرتے ہوئے کوئی فخر نہیں ہوتا، انسداد بدعنوانی سے متعلق معاملات کو سنجیدگی سے لیتے ہيں۔

کرکٹ بورڈ نے مزید کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرزک و واضح پیغام دينے کی ضرورت ہے، قواعد کی خلاف ورزی پر کسی سے ہمدردری کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔

عمر اکمل پر پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل 7.5.4 کے تحت آزاد ایڈجیوڈیکیٹر کے فیصلے کیخلاف اپیل کی جائے گی۔

پی سی بی کا ماننا ہے کہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر انسداد بدعنوانی سے متعلق متعدد لیکچرز میں شرکت کرنے کے بعد عمر اکمل جیسا سینئر کرکٹر متعلقہ حکام کو رابطوں کے بارے میں آگاہ نہ کرنے کے نتائج سے بخوبی واقف تھا۔

عمر اکمل کو پاکستان سپر لیگ کے دوران بکیز کی جانب سے رابطوں کی اطلاع پاکستان کرکٹ بورڈ اور متعلقہ حکام کا نہ دینے پر 3 سال کی پابندی کی سزا سنائی گئی تھی۔

Tabool ads will show in this div