واسو کیلئےبلوچستان حکومت کی جانب سے اچھی خبر

بلوچستان حکومت نے شہزاد رائے کے ساتھ کام کرنے والے معروف گلوکار واسو کی بیماری اور معاشی مساِئل کا نوٹس لیتے ہوئے مالی اعاونت کا اعلان کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر واسو کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ خاصی کسمپرسی کی حالت میں دکھائی دیے ،جس کے بعد صوبائی حکومت نے سرکاری خرچ پر گلوکار کی مدد کا فیصلہ کیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کے مطابق گلوکار واسو کے تمام علاج اور معالجے کے اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی ۔
معروف گلوکار #واسو ان دنوں بیمار و کسمپرسی کی ذندگی گزاررہے ہیں۔ انکے گھر کی حالت سے انکے معاشی حالات کااندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان @jam_kamal نےچند روز قبل انکی مالی معاونت وعلاج معالجہ کااعلان کیا ہے اورکل وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں انکی خدمت میں چیک پیش کرینگے۔ pic.twitter.com/Pc4ZAgJEti
— Liaquat Shahwani (@LiaquatShahwani) August 6, 2020
لیاقت شاہوانی نے گلوکار کوئٹہ میں سبزل روڈ کے قریب واقع واسو کے گھرجا کران سے ملاقات کی۔ ان کا کہناتھا کہ وزیراعلیٰ واسو کو خود چیک دیں گے۔ حکومت صوبے کی فنکار برادری کے مسائل سے باخوبی آگاہ ہے اور انہیں حل کرنے کی پوری کوشش کرے گی ۔
اس سے قبل اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے واسو کا کہنا تھا کہ شوگر کے باعث ٹانگ میں درد اور بخار رہتا ہے، چلنے پھرنے کے قابل بھی نہیں رہا۔
شہزاد رائے سے تعلق کے بارے میں سوال پر انھوں نے کہا کہ میں بیمار ہو گیاتو انہوں نے میرا بہت ساتھ دیا اورعلاج کرایا، وہ ابھی بھی رابطے میں رہتے ہیں۔ گلوکاری چھوڑی نہیں اب بھی گاتا ہوں لیکن بیماری کی وجہ سے وقفہ ہے۔ صحت مند ہو کر شہزاد رائے کے ساتھ مزید گلوکاری کروں گا۔
بلوچ لوک فنکار واسوکو شہزاد رائے کے ساتھ گانے"اپنے اُلو کتنے ٹیڑھے، اب تک ہوئے نہ سیدھے" میں منفرد انداز سے شہرت ملی تھی۔