برٹش ایئرویز کا پاکستان کیلئے پروازیں دوبارہ شروع کرنیکا اعلان

برطانیہ سے پہلی پرواز 14اگست کو اسلام آباد پہنچے گی

برٹش ایئر ویز نے کرونا وائرس کے باعث پاکستان کیلئے بند کی گئی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ برطانوی ہائی کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلی پرواز 14 اگست کو پاکستان اسلام آباد پہنچے گی۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ برٹش ایئر ویز کی جانب سے پاکستان کیلئے پروازوں کا دوبارہ آغاز کردیا گیا ہے، برطانیہ سے پہلی پرواز 14 اگست کو اسلام آباد پہنچے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ برٹش ایئر ویز پاکستان کیلئے ہفتے میں 3 براہ راست پروازیں چلائی گی۔

کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی کے بعد مارچ 2020ء سے دنیا بھر میں سفری پابندیاں عائد کردی گئی تھیں۔

برطانوی سفارتخانے نے اس موقع کو برطانیہ اور پاکستان کے دو طرفہ تعلقات کیلئے اہم موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ پروازوں کا آغاز دونوں ممالک کے مسافروں کیلئے خوشی کی خبر ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کیلئے پروازوں کیلئے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے عملے اور مسافروں کیلئے احتیاطی تدابیراختیار کی جائیں گی، مسافروں کیلئے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے، انہیں دوران پرواز ہینڈ سینیٹائزر بھی فراہم کیا جائے گا جبکہ عملے کے ارکان خصوصی حفاظتی لباس پی پی ای استعمال کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق برٹش ایئر ویز ہیتھرو ایئرپورٹ اور اسلام آباد کے درمیان ہفتہ وار 3 براہِ راست پروازیں  شروع کررہی ہے، مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہوائی اڈوں پر خصوصی طور پر اضافی اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔

برٹش ایئر ویز کے ہیڈ آف سیلز برائے ایشیاء پیسفک اور مشرقِ وسطیٰ مورن بِرجر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ایک بار پھر فضائی سفر کی فراہمی ہمارے لیے باعثِ مسرت ہے، دونوں جانب بہت سارے صارفین انتطار کر رہے ہیں، ہم ان کا دوبارہ خیر مقدم کرنے کیلئے تیار ہیں۔

پاکستان کیلئے برٹش ایئر ویز کی براہِ راست پروازوں کا 10 سال بعد 2019ء میں آغاز ہوا تھا، برطانوی ایئر لائن کی پہلی پرواز 1976ء میں اسلام آباد آئی تھی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ سے ہفتہ وار 3 پروازیں اتوار، منگل اور جمعرات کے دن مقامی وقت کے مطابق رات 8:30 روانہ ہوگی جو صبح 4 بج کر 20 منٹ پر اسلام آباد پہنچے گی جبکہ اسلام آباد سے پروازیں پیر، بدھ اور جمعرات کو صبح 6 بج کر 15 منٹ پر لندن رواںہ ہوں گی جو سہ پہر 3 بجے ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچیں گی۔

BRITISH AIRWAYS

Tabool ads will show in this div